Advertisement
Advertisement
Advertisement
Advertisement

بلوچستان کا مزدور زندگی کی گاڑی کیسے کھینچے آخر؟

Now Reading:

بلوچستان کا مزدور زندگی کی گاڑی کیسے کھینچے آخر؟
بلوچستان

صباءاپنی 27 سالہ بیٹی کی شادی نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ بیٹی کو بیاہ دیں گی تو اُنکے گھر کا چولہا کیسے جلے گا کوئٹہ شہرکے وسطی علاقے میں رہائش پذیر صباءکے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے اُنکے گھر کی واحد کفیل بیٹی ماہانہ اُجرت کے عوض دینی مدرسے میں پڑھاتی ہیں اُنکے مطابق اگر کوئی ایسا لڑکا مل جائے جو شادی کے بعد بھی بیٹی کو مدرسے میں پڑھانے دے اور ہمارے گھر کی ذمہ داری سنبھالے تو وہ شادی کردیں گی جبکہ صباءکی بیٹی کا کہنا ہے کہ اگر وہ شادی کر لیں گی تو اُنکی والدہ اور چھوٹے بھائیوں کو کون دیکھے گا اور اس بڑھتی مہنگائی میں ان کا گزر بسر کیسے ہوگااس لیے وہ بھی شادی کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے43فیصد سے زائد حصے پر مشتمل صوبہ بلوچستان میں صنعتیں نہ ہونے کے باعث روزگار کے مواقعے بہت کم ہیں مہنگائی کا عالم یہ ہے کہ گذشتہ دنوں 20 روپے میں ملنے والی تندور کی روٹی کاوزن 380 سے 260 گرام ہوچکاہے ۔صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے باچا خان چوک پر مزدوری کی غرض سے صبح 8 بجے آنیوالے مزدور شفیق عالم کہتے ہیں کہ وہ روز انہ بلا ناغہ شہر کے چوراہے پر آتے ہیں کہ کوئی اُنہیںگھر کی تعمیر یاکسی مزدوری کیلئے لے جائے لیکن کئی دن تک اُنہیں گاہک نہیں ملتے جس کی وجہ سے وہ راہ گزارتے لوگوں سے پیسے مانگنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اُنکے مطابق شہر میں ملنگ نامی ہوٹل سے مزدوروں کو کم پیسوں یا پھر مفت کھانا مل جاتا ہے لیکن جب وہ کھانے بیٹھتے ہیں تو گھر پر بیٹھے بھوکے بچوں کا خیال اُنکے ضمیر کو جھنجوڑتا ہے جسکی وجہ سے وہ آدھی بھوک کے ساتھ ہی واپس چوراہے پر کھڑے ہو جاتے ہیں۔

شفیق نے شام6 بجے تک 600 روپے کمائے تھے جن پیسوں سے اُنہوں نے تین کلو آٹا190، سب سے سستا گھی ایک پاﺅ45، بینگن دو کلو 90، آدھا کلو ٹماٹر40،پیاز 40،اور لہسن ادراک 50 ہری مرچیں دھنیاپودینہ 30 روپے کے خریدے بقایا اُنکے پاس 115 روپے بچ گئے تھے اُنہوں نے بتایا کہ وہ ان پیسوں سے صبح ناشتے کیلئے آدھا کلو چینی 40اور پتی کے ساشے 20 روپے کے خریدیں گے جسکے بعد اُنکی جیب میں 55روپے بچ جائیں وہ کئی مہینے گزارنے کے باوجود گھر پھل لیکر نہیں جاتے جبکہ بل کی ادائیگی نہیں ہونیکی وجہ سے اُنکے گھر کی بجلی بھی اکثر کاٹ دی جاتی ہے۔

سرکاری نوکری کی تلاش میں سرکردہ نوجوان

شفیق جیسی ہی صورتحال کا سامنا بلوچستان کے کئی مزدوروں کو روز کرنا پڑتا ہے جبکہ صوبے کے کئی نوجوان نوکری کی تلاش میں سیکرٹریٹ کے چکر کاٹتے نظر آتے ہیں35 سالہ جواد علی کئی سال سے بے روزگار ہیں اور سرکاری نوکری کے حصول کیلئے کافی سال سے کوشش کر رہے ہیں وہ پُر اُمید ہیں کہ اُنہیں نوکری مل جائے گی کیونکہ بلوچستان حکومت نے سرکاری نوکری کیلئے عمر کی حد 43 سال مقرر کردی ہے ۔جواد نے بتایا کہ پچھلے آٹھ سالوں میں وہ اپنی تعلیمی دستاویزات کی فوٹو کاپیوں اور مختلف آسامیوں کے امتحانات کی فیس کی مد میں ہزاروں روپے خرچ کر چکے ہیں لیکن نوکری نہیں ملتی اُنکے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ کسی کو دیکر نوکری خرید سکیں ۔اس ماہ اُنہیں کسی وزیر کے خاص بندے نے یقین دلایا ہے کہ اُنکو کلرک کی نوکری مل جائے گی یہی وجہ ہے کہ وہ روز سول سیکرٹریٹ کے احاطے میں اپنے کاغذات لیے نظر آتے ہیں۔

Advertisement

صوبے میں جواد کی طرح کئی بے روزگار نوجوان کسی نہ کسی سفارش کی تلاش میں رہتے ہیں۔سول سیکرٹریٹ میں20سال سے ملازمت کرنیوالے ایک 16گریڈ کے ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ماضی میں تونوکریاں بیچنے کی باتیں عام ہوا کرتی تھیں اور کئی افراد لوگوں کو نوکری کا جھانسادیکر پیسے کھا جایا کرتے تھے جبکہ کئی ملازمین آسامی کے گریڈ کے حساب سے پیسے دیکر بھرتی ہوجاتے تھے۔ اب بھی سیکرٹریٹ میں کئی ایسے ملازمین بھرتی ہیں جوماضی میں پیسے دیکر لگے ہیں اور فخر سے بتاتے ہیں کہ ہم نے اتنے پیسے دیے تھے اُن کے مطابق پچھلے چند سالوں سے نوکریاںبیچنے کی باتوںمیں کمی آئی ہے لیکن اب بھی اکثر لوگ کہتے ہیں کہ گریڈ کے حساب سے پیسے دیکر نوکری لی جا سکتی ہے لیکن وہ کسی ایسے شخص کو نہیں جانتے جو حال ہی میں پیسے دیکر لگا ہو۔

ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کرنے والا جوان

ایف ایس سی پاس26سال کے صالح محمدکو معلوم ہے کہ اگر اُسکی گاڑی کی وائرنگ شارٹ ہوگئی یا ایکسڈنٹ ہوا تو اُسکی گاڑی میں آگ لگ جائے گی اوروہ جھلس کر مر جائے گا کیونکہ وہ پنجگور سے کوئٹہ ایرانی پٹرول اور ڈیزل اسمگل کرتا ہے مستقبل قریب میں پرائیویٹ بیچلر آرٹس کرنے کا ارادہ رکھنے والے صالح کے مطابق وہ تین دن کے دوران محنت کرنے پر ایک پھیرے میں 5ہزار لیٹر پٹرول ڈیزل اسمگل کرتا ہے جسے کوئٹہ تک پہنچانے میں مختلف چیک پوسٹوں پرچائے پانی کے نام پر ہزار 5سواور 3سو روپے تک دینے کہ بعد لیٹر پر 10 روپے بچتے ہیں جو ایک پھیرے پر 50ہزار بنتے ہیں۔ گزشتہ سال ہی کوئٹہ کی آئی ٹی یونیورسٹی میں پڑھنے والا ایک نوجوان اسمگلنگ کے دوران گاڑی میں آگ لگنے سے جھلس کر موقع پر ہی مارا گیا تھا ۔

صالح آج کل مالی طور پر بہت پریشان ہے کیونکہ اکتوبر کے مہینے میں کمشنر مکران ڈویژن طارق زہری کی گاڑی کو بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب ایرانی پٹرول کی گاڑی سے ایکسڈنٹ ہوا دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی حادثے میں کمشنر مکران اپنے گارڈ ز سمیت جاں بحق ہوگئے تھے اس واقعہ کہ بعد بلوچستان حکومت نے ایرانی پٹرول ڈیزل کی اسمگلنگ پر سخت پابندی لگا رکھی ہے اور صالح جیسے ہزاروں لوگ جو پٹرول ڈیزل کے اس کام سے منسلک ہیں نان شبینہ کہ محتاج ہوگئے ہیں گزشتہ سال کے آخری مہنیوں کے دوران اس کاروبار سے وابستہ لوگوں نے گزشتہ دنوں مستونگ کے علاقے میں احتجاجی لانگ مارچ کیا تھا جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا تاہم صوبائی وزیر داخلہ کی مداخلت پر اُن افراد کو رہا کردیا گیا تھا۔

محمد صالح کے مطابق اُنہوں نے کئی صوبائی و وفاقی محکموں کی نوکریوں پر درخواستیں دی ہیں لیکن اُنہیں کام نہیں ملا گھرکے اخراجات پورے کرنے کیلئے اُنہوں نے اسمگنگ کا چناؤ کیا ہے جب سے اس کاروبار پر پابندی لگی ہے اس دوران اُنہوں نے کئی جگہ نوکری کی کوشش کی ہے لیکن کوئی مناسب پرائیویٹ کام بھی نہیں ملا ۔

موجودہ حکومت کے وجود میں آتے ہی وزیر اعلیٰ نے یہ یقین دلایا تھا کہ اب نوکریاں میرٹ پر ملیں گی لیکن حال ہی میں محکمہ تعلیم میں ہونیوالی بھرتیوں پر شک و شبہات کا اظہار کیا جا رہاہے جبکہ اپوزیشن کے اراکین نے اسمبلی فلور پر یہ الزام عائد کیاہے کہ محکمہ تعلیم میں ایسے لوگوں کو بھرتی کیا گیاہے جن کے نام ٹیسٹ اور انٹرویو لسٹ میں نہیں تھے حال ہی میں پیش آنیوالے اس واقعہ نے میرٹ پر ملنے والی نوکریوں کے حکومتی دعوے کو شدید نقصان پہنچا یا ہے بلوچستان میں 8سرکاری یونیورسٹیاں ہیں جبکہ 1970 میں قائم ہونیوالی جامعہ بلوچستان کے ایڈمنسٹریشن ڈریپارٹمنٹ کے آفیسر نور الامین کاکڑ کے مطابق جامعہ سے ہر سال مختلف شعبوں میں ریگولر گریجویشن کرنیوالے طالبہ وطالبات کی تعداد 40000 کے قریب ہے جبکہ ریگولر ماسٹرز پاس کرنیوالے طالبعلموں کی تعداد 17000 تک ہے۔ جبکہ صوبے کی مزید 7 یونیورسٹیوں سے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں نوجوان پاس آؤٹ ہورہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ صوبے میں دن بدن بے روزگاروں کی تعداد میں کتنااضافہ ہو رہا ہے ۔

Advertisement

بلوچستان پنشن کی مد میں 27 ارب ادا کررہا ہے

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مطابق صوبے کی آمدن 15ارب روپے ہے جبکہ صرف پینشن کی مد میں صوبہ 27 ارب روپے اداءکر رہا ہے جو کہ آنیوالے پانچ سالوں میں 40ارب روپے تک پہنچ جائے گا ۔صوبے میں سرکاری محکموںکی بھی حالت بہتر نظر نہیں آتی بلوچستان ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کئی ماہ سے اپنی تنخواؤں سے محروم ہیں، جامعہ بلوچستان کے اساتذہ و اسٹاف کو دو ماہ قبل تنخوائیں کم آنے پر احتجاج کر رہے تھے جبکہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کے کنٹریکٹ ملازمین بھی اکثر و بیشتر تنخواؤں کیلئے احتجاج کرتے رہتے ہیں ۔

صوبے میں بے روزگاری کیسے کم ہوسکتی ہے

ماہر معاشیات اور سابق چیف سیکرٹری بلوچستان محفوظ علی خان کے مطابق صوبے کے سرکاری ملازمین کی تعداد2لاکھ 70 ہزار سے زائدہے جبکہ ان اعداد وشمار میں کیو ڈی اے ، جی ڈی اے اورواسا سمیت کئی محکموں کے ملازمین شامل نہیں ہیں جن کی تنخوائیں دینے کیلئے صوبے کے اپنے وسائل نہ ہونے کہ برابر ہیں اُنکے مطابق حکومتوں کا کام نوکریاں دینا نہیں بلکہ روزگار دینے کیلئے نجی سیکٹر کو فعال کرنا ہوتا ہے لیکن جہاں الیکشن جیت کرمقصد صرف اپنے لوگوں کو سرکاری نوکریاں دینا اور اپنا ووٹ بنک مضبوط کرنا ہو تو وہاں ترقی نہیں ہوتی بلوچستان میں اتنی معدنیات ہیں کہ ان پر کام کیا جائے تو صوبے سے بےروزگاری مٹ جائے گی یہاں سے کئی ٹن کوئلہ نکالا جاتا ہے لیکن آج تک صوبہ ایک پاور پلانٹ بھی نہیں لگا سکا۔ فشریز ، شپ یارڈ اور کوسٹل ہائی ویز پر کام نہیں ہوا ہمارے پاس 750کلومیٹرکا ساحل ہے صرف گڈانی سے گودار تک ساحلی علاقہ دیکھنے والا ہے محفوظ علی خان کے مطابق وہ 35ممالک دیکھ چکے ہیں لیکن بلوچستان کے علاقے جیونی جیسا منظر نہیں دیکھا اُن کا کہناہے کہ جیونی کے ساحل پر بہترین بیچ بن سکتا ہے لیکن وہاں کوئی ایک اچھا ہوٹل تک نہیں ہے اگر رہنے کیلئے مناسب جگہ بنا دی جائے تو دور دورسے لوگ یہاں پکنک منانے آئیں گے۔ اس ہی طرح صوبے کے مشہور مقام زیارت کیلئے بھی کوئی مناسب ہوٹل اور ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں ہے جبکہ گوادر کے راستے میں ہندؤں کی مذہبی جگہ ہے جسے مذہبی سیاحت کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے اگر صرف پاکستان سے ہی ہندو برادری وہاں آنا شروع کردے تو صوبے کو ایک بڑی آمدنی حاصل ہوسکتی ہے۔

Advertisement

بلوچستان میں فائن آرٹس کے رنگ پھیکے پڑ رہے ہیں

وہ کہتے ہیں کہ بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں بیورو کریسی اور یوتھ کیلئے کوئی مناسب پلیٹ فارم نہیں ہے حالانکہ صوبہ وسائل سے مالا مال ہے روزانہ چاغی سے کراچی تک سینکڑوں پتھروں کے ٹرک جاتے ہیں لیکن ہمارے پاس وسائل نہیں کہ اُنہیں استعمال میں لا سکیں ، بلوچستان میں 5لاکھ میٹرک ٹن تک سیب ہیں لیکن باغبان کو اُس میں کچھ خاص بچت نہیں ہوتی یہاں بہت ہی اعلیٰ قسم کی کھجوربھی ہے اگر حکومت نجی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کرکے مختلف مارکیٹ کے آئٹم میں ان اجزاءکا استعمال لائے تو بھی روزگار کے مواقعے پیدا ہونگے یہاں لائیواسٹاک کی بڑی مارکیٹ بنائی جاسکتی ہے جہاں حلال جانوروں کے ذبح خانے بنا کر گوشت ایران اور افغانستان میں ہی ایکسپورٹ کیا جا ئے تو بہترین ذرمبادلہ حاصل کیا جا سکتاہے۔

محفوظ علی خان کے مطابق صوبے میں ہر سال یونیورسٹیاں تو بن رہی ہیں لیکن اُن میں پڑھنے والے بچوں کے روزگار کیلئے کام نہیں کیا جار ہافارمیسی ڈریپارٹمنٹ سے ہر سال کئی سو بچے پاس آؤٹ ہو رہے ہیں لیکن صوبے کے ہر اسپتال میں صرف ایک فارمیسی ڈاکٹر کی آسامی ہوتی ہے حکومت نے نجی اسپتالوں کو پابند نہیں کیا کہ وہ بھی اپنے اسپتالوں میں فارمیسی ڈاکٹرز کی آسامی لازمی تخلیق کریں جبکہ بلوچستان میں کوئی خاص اسکیل کی ٹرئننگ بھی نہیں دی جا تی صرف بیوٹیشن سلائی کڑاہی اور ویلڈنگ وغیرہ کے کورس ہوتے ہیں کسی قسم کے کوئی انٹرنیشنل اسکیل پر کام نہیں ہو رہا ایک بیچلر آرٹس کی ڈگری لینے والا نوجوان کیا کام کرے گا کم از کم اُس کے پاس کوئی ہنر بھی ہو جسے وہ استعمال کرکے اچھے پیسے کما سکے ۔ خان کے مطابق اگر بلوچستان میں روزگار کے مواقعے جلد پیدا نہیں کیے گئے تو اگلے چند برسوں میں بے روزگاری عروج پر ہوگی ۔

صوبائی حکومت کیا کررہی ہے؟

Advertisement

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق موجودہ حکومت نے گزشتہ سال 20ہزار نوکریوںکی منظوری دی ہے جن پر بھرتیاںہوئی ہیں اور کئی پر ابھی ٹیسٹ انٹرویو جاری ہیں جبکہ موجودہ سال 2019-20 کے بجٹ میں 5ہزار مزید نوکریاں رکھی ہیں جبکہ 6000 نوجوانوں کیلئے انٹرنشپ پروگرام بھی لار ہے ہیں نجی شعبے میں روزگارکے مواقعے پیدا کرنے کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے جو پہلے کبھی نہیں کیے گئے حال ہی میں لائیواسٹاک ایکسپو کروایا گیاہے جس کا افتتاح صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کیاایکسپو میں مختلف کمپنیوں کے مالکان اور سربراہان نے شرکت کی اور بلوچستان میں اپنی سب برانچز بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ آنیوالے مہینوں میں حکومت منرلز ، ایجوکیشن ، ایگریکلچر کے ایکسپو کا انعقاد کر یگی جس کا مقصد ان محکموں کو انڈسٹری کی صورت میں لانا ہے تاکہ نوکریوں کے مواقعے پیدا ہوں۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں گڈنی ، حب اور بوستان کے اضلاع میں اسپیشل اکنامک ذون بنا رہے ہیں اور تین اضلاع دالبندین ، لورالائی او رخضدار کو ماڈل سٹی بنانے کا پلان بھی جاری ہے اسکے علاوہ ایران افغانستان سرحدوں پر بارڈار بازار بنایا جائے گا ان تمام منصبوں کے عمل میں آنے سے روزگار کے بہت سے مواقعے سامنے آئیں گے جبکہ صوبے کی آمدنی میں بھی بہت اضافہ ہوگا حکومت یوتھ پالیسی بھی مرتب کر رہی ہے جس میں یوتھ ایکسچنج پروگرام ہونگے اور صوبے کے نوجوانوں کو دیگر ممالک کے دورے کرائے جائیں گے تاکہ وہ وہاں سے استعفادہ حاصل کرکے مستفیدہوں ۔

مہنگائی اور بیروزگاری کے نفسیاتی اثرات

ماہر نفسیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق سائنسی بنیاد پر تو یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ بیروزگاری اور مہنگائی سے کوئی انسان ہواس و باختہ ہوجائے لیکن یہ بات ضرور ہے کہ زیادہ دباؤ یا کسی قسم کی چھوٹی پریشانی ہونے سے جسم میں موجود معمولی بیماری بڑھ جاتی ہے جبکہ انسانی فطرت ہے کہ اگر دباؤ ہو کوئی راستہ نہیں نظر آتا تو چڑچڑا پن اور غصہ انسان کی فطرت میں آجاتا ہے جس سے وہ غلط راستے کا چناؤ کر لیتا ہے اگر ماں باپ کی طرف سے ڈانٹ ڈپٹ ہو اور گھر سے بچے پر پڑھنے یا روزگار لینے کا دباؤ ہو تو وہ غلط فیصلہ کر لیتے ہیں ۔

Advertisement
Advertisement
مزید پڑھیں

Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News


Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News


Advertisement
آرٹیکل کا اختتام
مزید پڑھیں
کاروبار میں آسانی کیلئے تجارتی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم
دھاندلی کی پیداوار اسمبلیاں کسی بھی طور قبول نہیں، مولانا فضل الرحمان
پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے، احسن اقبال
کلینکس آن ویل پراجیکٹ شعبہ صحت کو مکمل طور پر بدل دے گا، مریم نواز
کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان 
محسن نقوی کا اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل کا پہلا مرحلہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک
Advertisement
توجہ کا مرکز میں پاکستان سے مقبول انٹرٹینمنٹ
Advertisement

اگلی خبر