ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کشمیر سے متعلق ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، بھارتی فوج کے کشمیر میں مظالم جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ پا کستان بھارتی چیف آف ڈیفنس کے انتہا پسند ذہنیت کو ظاہر کرنے والے ریمارکس کو مسترد کرتا ہے، صدر ٹرمپ کی کشمیر سے متعلق ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایک ہفتے کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔
پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، عائشہ فاروقی
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی مشکلات کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے،اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں ہیں، پاکستان میں بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر جبگ بندی کی خلاف ورزی پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کی اور فورم کی سائیڈ لائنز پر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ترجمان کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رپورٹس ہیں، چین کے حکام کورونا وائرس کی روک تھام کی ہرممکن کاوش کر رہے ہیں، پاکستانی مشن چین کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ دو دن قبل امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں۔