وزیراعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کلیم امام کی ملاقات ہوئی ہے جس کےدوران سندھ کے امن وامان پر بات چیت کی گئی ہے۔آئی جی سندھ کلیم امام نےوزیراعظم کوسندھ حکومت کے افراد کے خلاف ہونے والی کارروائی سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ نے وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیااور ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبہ سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورتِ حال اور اہم امور پر بریفنگ دی۔
آئی جی سندھ کی جانب سے اپنے اوپر لگے الزامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ میں نےاپنا کام نیک نیتی سے کیا میرا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے، ملک کا ملازم ہو، آئین کے مطابق کام کرنے کا پابند ہوں۔
ذرائع کے مطابق آئی جی نےسندھ حکومت سے متعلق شکایات کے بارے میں بھی وزیراعظم کو بتایا اورسندھ حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس میں مداخلت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
آئی جی سندھ نے وزیراعظم کو بتایا کہ سندھ حکومت کے من پسند ایس ایچ اوزاورڈی ایس پیز لگانے سے انکارکیا،سندھ حکومت کے خلاف ضابطہ اقدامات ماننے سے انکار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کےلیے مختص فنڈز دیگر محکموں میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ،جرائم پیشہ افراد کی سیاسی پشت پناہی کرنے والوں کورعایت نہیں دی،سندھ حکومت نےانتقامی کارروائی کےطورپرمحکمہ پولیس کے بجٹ میں کٹوتی کی،سندھ حکومت کے کچھ ارکان اسمبلی اراضی پرقبضے کرنے والوں کی پشت پناہی کررہے تھے۔
ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے آئی جی کو اہم ذمہ داریاں سونپنے کا عندیہ دیاہے، آئی جی کلیم امام کو سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول لگائے جانےکا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہناہے کہ سندھ حکومت آئی جی کی تعیناتی کے معاملے پر اَڑ گئی ہے اور مزید نام دینے سے انکار کردیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ ہم جو نام دے چکے ہیں انہی میں سے آئی جی تعینات کیا جائے۔
ٰٰسندھ میں آئی جی پولیس کی تبدیلی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق ہونے والی گفتگو کے بارے میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا جس پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے سامنے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس کے عہدے کے لیے ہم جو نام دے چکے ہیں انہی میں سے کسی کو ایک افسر تعینات کیا جائے، ہم نام دے چکے اب کوئی اور نام نہیں دیں گے۔
سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعلی مراد علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی نجی اسپتال میں گزشتہ روز ملاقات کی اور اس ملاقات میں وزیر اعلی نے سابق صدر کو وزیر اعظم سے ہونے والی گفتگو سے متعلق آگاہ کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے سابق صدر کو آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے آصف زرداری کو آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق بھی آگاہی دی جس پر سابق صدر نے معاملہ آئین و قانون کے تحت حل کرنے پر زور دیا۔
قبل ازیں وزیراعلی ہاؤس میں سندھ کابینہ کے اہم وزراء کا ایک غیر رسمی اجلاس وزیراعلی مراد علی شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی، مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب، امتیاز احمد شیخ اور اسماعیل راہو سمیت دیگر شریک ہوئے۔
صوبائی کابینہ کے ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات اور ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو سے متعلق صوبائی وزراء کو اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئی جی سندھ پولیس کی تعیناتی سے متعلق یقین دہانی کرا چکے ہیں، مجھے بتایا گیا تھا کہ منگل کو نئے آئی جی کا نوٹی فکیشن جاری ہو جائے گا تاہم حیرت انگیز طور پر نئے آئی جی پولیس کی تقرری کا حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ کے وزراء نے بھی وزیر اعظم کی یقین دہانی کے باوجود تعیناتی نہ کیے جانے پر سخت تشویش اور غصے کا اظہار کیا اور وزیراعلی پر زور دیا کہ وفاق کے سامنے اس ضمن میں دو ٹوک موقف اپنایا جائے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حیرت ہے وزیر اعظم کی یقین دہانی بھی پوری نہیں ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی نے شرکاء کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے درمیان اس معاملے پر پانچ مرتبہ ٹیلی فون پر رابطے ہوچکے ہیں جبکہ دو ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی۔
اجلاس میں بعض صوبائی وزراء نے کہا کہ دیگر صوبوں میں آئی جی پولیس کو ہٹانے، نئی تعنیاتی کے لیے یہ طریقہ کار کیوں اختیار نہیں کیا گیا؟ ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے کہا کہ انتظامی فیصلے کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور وفاقی حکومت کے ساتھ معاملات کو خراب کرنے کے لیے بعض عناصر بھی سرگرم ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
