اسد عمر کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون کا کام شیخ رشید کے ہاتھوں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے خسارہ کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ایم ایل ون کا پی سی ون اسی ماہ کے آخر تک ریلوے کودے دیں گے ، مارچ کے مہینے میں اس کے اپروول کے مرحلے پورے کر دیئے جائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر پاکستان اور چین کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس اپریل میں ہونا ہے، ایم ایل ون کا منصوبہ منظوری کے لیے اس اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ ایم ایل ون 9 بلین ڈالرز کا پراجیکٹ ہے، 15اپریل تک ایکنک ایم ایل ون کی منظوری دےگی اور انشااللہ ایم ایل ون کا کام شیخ رشید کے ہاتھوں ہوگا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بیمار ہیں، شبر زیدی کے حکومت سے نالاں ہونے کی معلومات نہیں۔
انہوں نے کہا موجودہ صورتحال سے مطمئن ہونا اور کام سے مطمئن ہونا الگ الگ باتیں ہیں، اس میں شک نہیں کہ مشکل صورتحال ہے، مہنگائی کے خاتمے کے لیے جو کام ہو رہا ہے وہ صحیح سمت میں ہے، انشاء اللہ حالات بہتر ہوں گے۔
کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کو بتا دیا ہے کہ اس پر وفاق کی جانب سے جو کام کیا جانا چاہیے تھا وہ کیا جارہا ہے اور منصوبے کی لیڈ اس وقت صوبائی حکومت کے پاس ہے۔
سپریم کورٹ اسلام آبا د کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے مزید 5 کلومیٹر ٹریک پر تجاوزات ایک ماہ میں ہٹادی جائیں گی ،جب تک ایم ایل ون نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
