
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ماضی میں بھی کئی مشکلاتوں سے ایک قوم بن کر لڑا اور اب بھی وہ ایک قوم بن کر اس وبا کا مقابلہ اور اس کا خاتمہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاوَس کراچی سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ موجودہ صورتحال میں وسیع تر ہم آہنگی و اتحاد کو فروغ اور جامع لائحہ عمل کے لیئے آل پارٹیز کانفرنس کے لیئے سیاسی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک گیر لاک ڈاوَن حالات کا تقاضا ہےتاکہ آنے والے دنوں میں کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکے، اٹلی کو آج جس صورتحال کا سامنا ہے وہ لاک ڈاوَن سمیت درست وقت پر درست اقدامات اٹھانے میں تاخیر کا نتیجہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ حکومت سندھ نے لاک ڈاوَن پر پہل کردی ہے، اور یہ اقدام وزیراعلی مراد علی شاہ نے اکیلے نہیں اٹھایا، انہوں یہ فیصلہ کرنے سے پہلے حزب اختلاف کو بھی اعتماد میں لیا تھا۔
پی پی پی چیئرمین نے حکومتِ سندھ کو ہدایات دیں کہ وہ لاک ڈاوَں کے دوران دیہاڑی پر کام کرنے والے محنت کشوں اور غریب عوام کی خوراک و دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیئے اقدامات اٹھائے۔
پاکستان میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 777 ہو گئی
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہلک وباء کے پیش نظر وفاقی حکومت کو قومی پالیسی بنانے اور لاک ڈاوَں کے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ خدانخواستہ اگر کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھی تو ملک کا موجودہ صحت عامہ کا نظام اس کا سامنا کرنے کی بلکل بھی سکت نہیں رکھتا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ موجودہ غیرمعمولی حالات میں میڈیا کا آزاد ہونا ضروری ہے، لیکن جنگ اور جیو گروپ کے سربراہ زیرِ حراست ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کرونا وبا کا بری طرح سے شکار ہونے والے ملک ایران سے پابندیاں ہٹائی جائیں۔
دریں اثناء، بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کی سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی (سی اِی سی) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں تمام اراکین نے ویڈیو لنک کے ذریعے حصہ لیا۔
اجلاس کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کرونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ کمیٹی کے اراکین نے حکومت سندھ کی جانب سے وبا کی روکتھام کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور مکمل حمایت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News