وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام ہیں، کوشش ہے جان بچانے والی اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ، جس میں ملک میں ضروری ادویات کی دستیابی اور انکی مناسب قیمتوں کے تعین کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالےسے معاملات بھی اجلاس میں زیر غور آئے ۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کو ضروری اور زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی اور انکی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کارکردگی، ادارے کو متحرک وفعال بنانے پر بات چیت کی گئی اور ڈریپ کو کرپشن و دیگر بدعنوانیوں سے پاک کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہپالیسی سازی اور اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں کیونکہ پالیسی سازی اور پالیسی پر عملدرآمد کو یکجا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پالیسی سازی اور پالیسی پر عمل درآمد دو مختلف شعبے ہیں ، پالیسی سازی اور پالیسی پر عمل درآمد کے ضمن میں موجودہ حکومت کی پالیسی بہت واضح ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مکمل طور پر متحرک و فعال بنانے کے لئے کوششوں کو تیز کیا جائے اور انتظامی سطح پر ڈریپ کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ ڈاکٹروں اور شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا، اٹارنی جنرل ، سیکرٹری صحت، سی ای او ڈریپ و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
