ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اہم اجلاس جاری ہے، کورنا وائرس کی صورتحال پر بحث ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا اور ایس او پی جاری کر دیئے گئے ہیں، وقفہ سوالات، نکتہ اعتراض اور کورم کی نشاندہی نہیں ہوگی، کوئی تحریک استحقاق پیش نہیں کی جائے گی ارکان کی نشتوں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی۔
اجلاس میں شرکت کے لیے تمام ارکان کو ضلع کی سطح پر اپنے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق تمام ارکان اجلاس میں ماسک پہن کر شرکت کریں گے اور ڈپٹی اسپیکر ایوان کی کارروائی چلائیں گے۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی گیلریز بھی بند ہوں گی اور صحافی بھی صرف محدود تعداد میں ایوان کی کوریج کر سکیں گے۔
صرف یہی نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر کےلئے قومی اسمبلی کے مرکزی دروازے پر تھرمل گن سے ٹیمپریچربھی چیک کیا جائے گا جبکہ کوئی بھی رکن اسٹاف کو نہیں لاسکے گا۔
واضح رہے کہ ہال میں تمام ارکان نشستوں میں سماجی فاصلوں کا خیال رکھیں گے اور ارکان کے درمیان ایک نشست خالی رہے گی۔