
وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔
فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پینشن کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مراد سعید، اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری خزانہ ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ محمد اخلاق رانا و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بجٹ اخراجات کا تقریباً چونتیس فیصد حصہ پنشن پر مشتمل ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ملائیشیا کے پنشن ماڈل کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ نے پنشن فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان پنشن فنڈ کے قیام کا مقصد حکومت پر پڑنے والے پنشن کے بوجھ میں کمی لانا اور ملازمین کی پنشن کے معاملات کا بہتر انتظام یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے تجویز کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزارتِ خزانہ، وزارتِ مواصلات، سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
مجوزہ پنشن فنڈ کے قیام اور اس کے انتظام کے حوالے سے جامع طریقہ کار اور دیگر تفصیلات کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات اور ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے حوالے سے اور عوام کو مہیا کی جانے والی خدمات میں بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیاکہ پاکستان پوسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے حوالے سے معاہدے پر آئندہ ہفتے دستخط کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس اقدام کی بدولت پاکستان پوسٹ کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر عوام کی خدمت سر انجام دے سکیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی بدولت پاکستان پوسٹ کے اہلکاروں کو آئی پیڈ اور بائیومیٹرک تصدیق کرنے کے آلات فراہم کیے جائیں گے۔
مراد سعید نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پاکستان پوسٹ کی جانب سے پہلی دفعہ بزرگ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ان کے گھر پر فراہم کی گئی ہے۔ اس اقدام کو اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان پوسٹ کی جانب سے پنشنرز کو عید کے موقع پر ایڈوانس پنشن ادا کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News