
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد خطرناک صورتحال کی طرف جارہی ہے اور 2 دن سے یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز آنے کے بعد ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے متاثرین سے زیادہ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 6 سو سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 85 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو چین میں اب تک ریکارڈ کیے گئے انفیکشنز سے بھی زیادہ ہے۔
چین جہاں سے اس وائرس کا آغاز ہوا وہاں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق متاثرین 84 ہزار ایک سو سے زائد ہیں۔
امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے سب سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چین کا نمبر 18 واں ہے جبکہ پاکستان یومیہ سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے کے بعد فہرست میں 17 ویں پوزیشن پر ہے۔
پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس فروری کے آخر یعنی 26 تاریخ کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر کراچی ہی ہے۔
شروع میں اس وائرس کے پھیلاؤ اور کیسز کی تعداد میں کمی تھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا اور اب صورتحال تشویشناک دکھائی دے رہی ہے۔
آج بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی جو لوگوں کے لیے ایک امید کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News