
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کو مزید اہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کرلیا، آج رضا کاروں سے اہم خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر سے رجسٹرڈ 10 لاکھ نوجوان رضا کاروں کے لئے اہم فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس نے ماہ رمضان میں زبردست انداز میں ذمہ داریاں سر انجام دیں، مساجد اور یوٹیلیٹی سٹورز میں سماجی فاصلے سمیت ایس او پیز پر کامیابی سے عملدرآمد کروایا گیا، راشن کی تقسیم، قرنطینہ میجمنٹ سینٹر اور احساس کیش کی تقسیم میں بھی معاونت کی گئی۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا یونین کونسل کی سطح پر بے روزگار افراد کی نشاندہی میں بھی نوجوانوں سے مدد ملی، وزیراعظم عمران خان آج نوجوانوں سے اہم خطاب کرنے جا رہے ہیں، کورونا سے آگاہی کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو مستقبل کیلئے مزید ذمہ داریاں دیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کے مطابق وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر بھی خدمات لی جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھر پور موقع دیا جائے گا اور یہ نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ٹائيگر فورس سے کورونا کے ساتھ ٹڈیوں کے خاتمے، ممکنہ سیلابی صورتحال اور کلین اینڈ گرین مہم میں بھی خدمات لی جائيں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے مستحق افراد کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News