
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال، افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
زلمے خلیل زاد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشتگردی کے حملے پر وزیر خارجہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بروقت کارروائی اور جوانوں کی مثالی جرات اور بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغان امن عمل میں اب تک ہونے والی پیش رفت انتہائی حوصلہ افزا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فریقین کی طرف سے بین الافغان مذاکرات پر آمادگی اور مذاکراتی ٹیموں کا اعلان خوش آئند ہے ۔ان مذاکرات سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ،اس موقع پر ہمیں ان عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان گذشتہ چالیس برسوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے ۔ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ، عالمی برادری کو ہاتھ بڑھانا ہو گا ۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ،افغانستان میں مستقل اور پرامن سیاسی حل کے لیے علاقائی و عالمی فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے ۔
ملاقات میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News