
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گیس کی چوری روکنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں کیونکہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس کے شعبے سے متعلقہ امور کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں گیس کی طلب و رسد، گیس انفراسٹرکچر، گیس کے شعبے میں درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پرویز خٹک، سید شبلی فراز، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر ، عمرایوب خان، معاونین خصوصی ندیم بابر اور ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی۔
معاون خصوصی ندیم بابر نے ملکی سطح پر گیس کی پیداوار، ملکی ضروریات پر بریفنگ جبکہ درآمد شدہ گیس کی مقدار اور قیمت اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طلب و رسد کے تخمینوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ گیس کے شعبے سے متعلق تمام حقائق مشترکہ مفادات کی کونسل کے سامنے رکھے جائے جبکہ شعبے کے نامور ماہرین سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے اور گیس سے متعلقہ معاملات کا پائیدار حل تلاش کیا جائے۔
حکومت کا گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ
وزیراعظم نے کہا کہ گیس کے شعبے میں بڑھتی ہوئی گھریلو اور صنعتی شعبے کی ضروریات پر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جبکہ مقامی طور پر موجود گیس کے محدود ذخائر کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مستقبل کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی بھی ضرورت ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے یہ بھی کہا کہ گیس سے متعلقہ معاملات کا تعلق کسی ایک صوبہ یا علاقے سے نہیں بلکہ یہ پورے ملک کامعاملہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ گیس سے متعلقہ معاملات پر باہمی مشاورت سے مستقبل کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News