
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اب وہ دیکھ لے جو نوشتہ دیوار ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پی پی پی سندھ کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف احتجاج پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ہونے والا احتجاج اب پی ٹی آئی حکومت کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہونا چاہیئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی کارکنان نے 1973 کے آئین، 18 ویں ترمیم اور این ایف سی کے خلاف سازشوں اور پی ٹی آئی حکومت کی عوام و معیشت دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنا غم و غصہ ظاہر کرنے کے لیے پر امن احتجاج کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے عوام کو مایوسی و ناامیدی کے دلدل میں بے یارومددگار پھینک دیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور سلیکٹڈ حکومت کے عوام پر مظالم کے خلاف احتجاج کے لیے تمام جمہوری و پرامن طریقے اختیار کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اِس ملک کی خدمت کی ہےاور بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کی جدوجہد کے دوران قیادت سمیت ہزاروں کارکنان کی قربانیاں دی ہیں۔پیپلز پارٹی ہر صورت میں اپنی میراث کو جاری رکھے گی۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھرپور پرامن احتجاج کرنے پر پارٹی کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔صوبہ بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران کسی پر ایک بھی پتھر نہیں پھینکا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ متفقہ آئین، اٹھارویں ترمیم، این ایف سی کے خلاف سازشیں اور عوام دشمن پالیسیاں جاری رہیں تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں احتجاج کا دائرہ تحصیل اور یوسی سطح تک بڑھایا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News