پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار آخری دم تک رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو کے سامنے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوبرادری جودھ پور کے المناک واقعہ کے بعد صدمے میں ہے جہاں پر گیارہ پاکستانی ہندو پراسرار حالت میں قتل کئے گئے۔
رمیش کمار نے کہا ہے کہ مودی سن لےکہ چھ گھنٹے کے نوٹس پر ہزاروں کا مجمع اسلام آباد پہنچ گیا اور اگر مودی نے ہماری بات نہ سنی تو میں لاکھوں کا مجمع لے کر واہگہ بارڈر جاؤں گا لیکن میں امید کرتا ہوں کہ بھارتی حکومت ہوش کے ناخن لے گی اور اگر بھارتی حکومت نے ان کا جواب نہ دیا تو انہیں ان لاکھوں لوگوں کا بھی جواب دینا ہوگا جو بھارت میں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم 11 لوگوں کے خون کے ساتھ اور مظلوموں کا ساتھ دیں گے اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار آخری دم تک رہے گا۔
بعد ازاں دھرنے کے شرکاء نے ایک قرارداد کی منظوری دی جس میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جودھ پور واقعہ کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کو شامل کرے۔
قرار داد میں بھارت میں حال ہی میں منظور کردہ شہریت ترمیمی بل کی منسوخی پر زور دیا گیا اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور متنازعہ قرار دیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کا کیس بھی کھولنا چاہیے تاکہ بے گناہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔
قرارداد میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں رہنے والے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا گیا اور وہاں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News