مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز گلگت بلتستان پہنچ گئیں ہیں ، جہاں انہوں نے انتخابات میں ن لیگ کی انتخابی مہم کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں عوام کی آواز بن کر یہاں آئی ہوں اور مجھے علم نہیں تھا کہ آپ مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں میں آپ کا ہر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ووٹ کا حق بھی صرف ان کا ہے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ لوگ پریشان اور حکومت سے تنگ آچکے ہیں جبکہ 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ پورا ہوا نہ ملک ٹھیک ہوا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان جانے والے ہیں اور اب ان کو گھر بھیجنا ہو گا اور ویسے بھی منہ پر ہاتھ پھیرنے والوں کی پریشانی بلاوجہ نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک جعلی وزیر اعظم صوبہ گلگت بلتستان کا اعلان کر کے چلے گئے لیکن پاکستان کی سیاست اب بدل چکی ہے۔
آپ لوگوں نے عوام کے چینی اور آٹے کے پیسے جیبوں میں ڈال لیے۔
انھوں نے کہا کہ کیا اسکردو کے کسی نوجوان کو نوکری ملی ؟ 50 لاکھ گھروں میں سے کوئی گھر ملا ؟ اب آخری دھکا گلگت بلتستان کی عوام ہی لگائے گی۔
مسم لیگی رہنما نے کہا کہ مجھے نہیں علم تھا کہ آپ مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں، آپ کے والہانہ جذبے کی دل سے قدر کرتی ہوں، میں آپ کی آواز بن کر دکھاؤں گی، پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے اور بدلنی چاہیئے، جو دباؤ برداشت نہیں کر سکے، وہ آپ کیلئے کھڑا نہیں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے دورہ گلگت بلتستان کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔
مریم نواز انتخابی مہم کے سلسلے میں 7 روز گلگت بلتستان میں قیام کریں گی جبکہ وہ 5 نومبر کو سکردو پہنچیں گی۔
مریم نواز5 نومبر کو غواری،6 نومبر کو سکردو، 7 نومبر کو دمبوداس ، 8 نومبر کو گوہکوچ،10 نومبر کو استور اور 11 نومبر کوچلاس میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گی۔
6 نومبر کو شگر سے سکردو تک ریلی بھی نکالی جائے گی 7 نومبر کو مریم نوازشریف دمبوداس میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کریں گی ۔
مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر اور سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن مریم نوازشریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے ۔
مریم نواز 8 نومبر کو گاہکوچ جائیں گی، مسلم لیگ (ن) ڈسٹرکٹ غذر کے زیراہتمام استقبالیہ میں شرکت کریں گی ۔
سا بق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کو مسلم لیگ (ن) کی گلگت بلتستان میں پانچ سال کی حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
دورے کے دوران مسلم لیگ ن کی نائب صدر پارٹی امیدواروں، عہدیداروں، کارکنان، نوجوانوں اور بزرگ عمائدین سے ملاقات کریں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
