وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب مسلسل شہباز شریف کی پیرول رہائی پر سیاست کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ، پے رول کا قانونی طریقہ کار ہے جس کے تحت چلنا ہوتا ہے، ن لیگی درباری میت پر سیاست کر رہے ہیں، جو جیل میں ہیں انہیں نکالنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو آزاد گھوم رہے ہیں وہ جنازے میں آنا نہیں چاہتے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میاں مفرور اور ان کے بیٹے تو آزاد ہیں کیوں نہیں آ رہے ؟ جنازے میں آئیں انہیں ہر قسم کی سہولت مہیا کی جائے گی، بیماری اور اموات پر سیاست بند ہونی چاہیے۔
واضح رہےکہ مسلم لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عدم رہائی کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اوران کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عدم رہائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غم کے اس موقع پر بھی سیاست کر کے اپنی کم ظرفی کا نیا ریکارڈ قائم کرچکی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ انتہائی افسوسناک اور قابل شرم حرکت ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اب تک رہا نہیں کیا گیا، ایک عمومی قانونی کارروائی کو دانستہ پیچیدگیوں اور سست روی کا شکار کیا گیا ہے۔
انتہائی افسوسناک اور قابل شرم حرکت ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کو اب تک رہا نہیں کیاگیا
ایک عمومی قانونی کارروائی کو دانستہ پیچیدگیوں اور سست روی کا شکار کیاگیا ہے— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) November 25, 2020
انھوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی رہائی کو مرحومہ کے جسد خاکی کے پہنچنے سے جوڑنا بے حسی اور چھوٹے پن کی انتہا ہے۔
واضح رہےکہ پنجاب حکومت نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ منظوری پنجاب کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے جس میں مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی دی جائے گی۔
پیرول پر رہائی شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر (مرحوم) کی میت لندن سے لاہور پہنچنے سے شروع ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
