
اسد عمر کی گفتگو
وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کا جان و مال تحفظ میں نہیں، ہم کوئی بات کرتےہیں تو سندھ کی خودمختاری کی بات کی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے شکار پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کہتے تھے لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لیکن وزیراعظم کو عوام کی بھوک کا احساس تھا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے اپنی ذمے داریاں سمجھتے ہوئے اربوں روپے صوبوں میں تقسیم کیے ، سندھ کے عوام زرداری اور پیپلز پارٹی سے پوچھتے ہیں کہ آٹا منہگا کیوں مل رہا ہے؟ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہے لیکن اپنی ذمےداری پوری کریں گے ۔
وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کیلئے جب بھی کام کرنا چاہتی ہے تو 18ویں ترمیم کا واویلا کیا جاتا ہے، احساس پروگرام کے تحت پیسے تقسیم کر رہے تھے تو مرادعلی شاہ نے کہا یہ مجرمانہ کام ہے، وفاق ان کو کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین دے رہا ہے،اس پر بھی سیاست کی جا رہی ہے، اب بھی یہ وفاق سے ویکسین کیلئے لائن میں لگے ہوئے ہیں، لیکن فکر نہ کریں اس ہفتے سندھ کو بھی ویکسین دیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں جنگل کا قانون ہے، یہاں کے عوام خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، کچے کے علاقوں میں جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم کوئی بات کرتے ہیں تو سندھ کی خودمختاری کی بات کی جاتی ہے، اسی بااخیتار صوبے کو وفاق نے اربوں روپے فنڈ دیا، بااختیار ہونے کا مقصد یہ نہیں کہ آپ اپنے لوگو ں پر ظلم کریں، سندھ بھی ہمارا ہے ،ہمارے عوام کو تحفظ دیا جائے، وزیراعظم سے کہوں گا سندھ کے لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کےلیے اقدامات کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کوئی گورنر راج نہیں لگنے والا، لیکن لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمےداری ہے، سندھ حکومت اور پولیس عوام کےجان و مال کا تحفظ صحیح انداز میں نہیں کر رہی، سندھ کےعوام اتنے ہی عزیز ہیں جتنے کہیں اور کے، یہ نہیں ہوسکتا کہ جبر ہو اور لوگوں کو تحفظ نہ ملے اور وفاقی حکومت خاموش رہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News