
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہر شعبے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں نظام حکومت کے حوالے سے ترجیحی شعبہ جات اور بیرون ممالک میں پاکستانی ورک فورس میں اضافے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نظام حکومت میں بہتری لانے، موجودہ قوانین میں ترمیم و نفاذ اور عام شہریوں کو انصاف کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔
پولیس کے نظام میں بہتری لانے ، غیر ممالک میں پاکستانی ورک فورس میں اضافے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، خیبرپختونخواہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کی گورننس میں بہتری کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ شہریوں کی شکایات کے ازالے، کھلی کچہریوں کے انعقاد اور ریوینیو سے متعلقہ معاملات کے جلد از جلد حل پر بریفنگ دی گئی۔
سروس ڈیلیوری کی بہتری، اختیارات کی تفویض و نچلی سطح پر منتقلی، ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ اور شہروں میں صفائی ستھرائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں عوام کی حکام بالا تک آسان رسائی و شہریوں کی سہولیات کے لیے اٹھائے جانے والے دیگر اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی سطح پر سول پروسیجر کوڈ میں ترمیم، وراثت کے قوانین میں ترمیم پر بھی بریفنگ دی گئی۔
خواتین کو جائیداد میں ان کے قانونی حق دلوانے کے عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں قبضہ مافیا کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر اجلاس کو بریفنگ دی۔
آئی جی اسلام آباد نے پولیسنگ کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
زلفی بخاری اور ان کی ٹیم نے بیرون ممالک پاکستانی ورک فورس اور ترسیلات زر میں اضافے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نظام حکومت میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ہر شعبے میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عوام اور حکومت کے درمیان تعلق کو مستحکم کرنا اور عوام کو بااختیار بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اصلاحات کے مقاصد اس وقت تک حاصل نہیں ہوں گے جب تک عام آدمی واضح فرق محسوس نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی شہریوں کے مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی جائے، اس حوالے سے افسران و متعلقین کے لیے جزا اور سزا کا نظام رائج کیا جائےاور کسی قسم کی غفلت برتنے کی شکایت نہ ہو۔
عمران خان نے قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کے حوالے سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا کے ذریعے عوام کو مسلسل آگاہ اور مفاد پرست عناصر کے منفی پراپیگنڈے سے محفوظ رکھا جائے۔
بیرون ممالک میں پاکستانی ورک فورس میں اضافے کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے تین سالہ اسٹریٹیجی اور ایکشن پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ ٹائم لائنز کے ساتھ تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہداف کے حصول کے لیے ٹائم لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News