وزیر اعظم عمران خان نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں محمد حماد اظہر، سید فخر امام، عمر ایوب خان ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز سمیت چیئرمین ایف بی آر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد اور مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن بھی موجود تھے۔ ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر دستیاب ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت یوٹیلٹی اسٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا ، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد میں متعد دمقامات پر سستے بازار قائم کیے گئے ہیں،سستے بازاروں میں اشیائےضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
بریفنگ میں بتایاگیا کہ کورونا وبا ء کے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔
چیف سیکرٹریز پنجاب و خیبرپختونخوا نے کہا کہ چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی اور مقرر شدہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی کوئی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں اشیائےضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
عمران خان نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے۔ رمضان بازاروں میں کورونا وباء سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
