وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔
سردارعثمان بزدار نے اٹک میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اٹک میں 200 بیڈز پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال جیسے عظیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے جو 75 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا اور جس پر 5 ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منصوبے کے لیے 2 ارب 66 کروڑ روپے کی گرانٹ حکومت پنجاب دے گی، اتنی ہی گرانٹ وفاقی حکومت دے چکی ہے جس کے لیے ہم وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں نرسنگ کالج، ہاسٹل، رہائش گاہیں، ڈاکٹرز اپارٹمنٹس اور مریضوں کے لواحقین کے لیے پناہ گاہیں بھی بنائی جائیں گی اور تکمیل کے بعد اس ہسپتال سے سالانہ 2 سے 3 لاکھ خواتین کو گائنی کی ہیلتھ سروسز میسر ہوں گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اٹک میں 4 بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جائے گا- شہر کے ڈی ایچ کیو میں 100 بیڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور حضرو کے درمیا ن گوندل کے مقام پر ٹراما سینٹر بھی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک میں صحت کی سہولتوں کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف اٹک بلکہ خیبر پختونخوا کے 3 ملحقہ اضلاع صوابی، نوشہرہ اور ہری پور کی عوام بھی مستفید ہو سکے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 میں 360 ارب روپے کا تاریخ ساز ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا گیا جس کے تحت اٹک کے لیے 20 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے اور 93 اسکیموں پر کام جاری ہے۔ اٹک میں 5 ارب 20 کروڑ روپے کے 42 نئے منصوبے بھی لائے جا رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کو 2018 سے اب تک 56 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا ہے جبکہ سابقہ دور حکومت میں 2013 سے 2018 تک اٹک کو صرف 20 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب 2 ڈویژن میں صحت انصاف کارڈ کے پراجیکٹ کا آغاز کر چکی ہے اور بہت جلد دیگر 7 ڈویژن میں بھی صحت انصاف کارڈ کا اجراء کر دیا جائے گا۔ صحت انصاف کارڈ کے انقلاب آفرین پراجیکٹ پر 3 برس میں 330 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ اپنی نوعیت کا منفرد اور بہترین منصوبہ ہے جس کے تحت ہر کارڈ ہولڈر اور اس کے خاندان کو معیاری پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی جدید ترین سہولتیں بلا معاوضہ حاصل ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اٹک شہر کے لوگوں کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
دوسری طرف عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان نے اٹک اور گردونواح کے اضلاع کی عوام کی سہولت کے لیے 5.3 ارب مالیت کے مدر اینڈ چائیلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
آج وزیراعظم عمران خان نے اٹک اور گردونواح کے اضلاع کی عوام کی سہولت کے لیے 5.3 ارب مالیت کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور نرسنگ کالج کا سنگ بنیاد رکھا ہے
ہم نے بجٹ میں تمام اضلاع کی یکساں ترقی کےلیے 360 ارب کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج رکھا ہے جس میں ضلع اٹک کے 20 ارب کے منصوبے شامل ہیں pic.twitter.com/arPu9PWTqH
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) November 5, 2021
ان کا ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ میں تمام اضلاع کی یکساں ترقی کے لیے 360 ارب کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج رکھا ہے جس میں ضلع اٹک کے 20 ارب کے منصوبے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News