
حکومت میں آکر اپنے وعدے وفا کریں گے، سردار تنویر الیاس
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ کشمیری آج بھی سرینگر میں پاکستان کا پرچم لہرا کر بھارت کو للکار رہے ہیں۔
سردار تنویر الیاس خان نے 13 جولائی یوم شہدا کشمیر پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو 22 کشمیری مسلمانوں نے جان قربان کر کے آذان مکمل کرنے کی ایسی لازوال داستان رقم کی ہے جس کی نظیر نہیں ملتی، آج بھی کشمیری قوم عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہی ہے۔
وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج کے کشمیری مسلمانوں پر تاریخ انسانی کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیری قوم کے جذبہ حریت میں کمی واقع نہیں ہوئی، کشمیر کے عوام کی آزادی کی جد وجہد ان کے اس پیدائشی اور مسلمہ حق کیلئے ہے جسے اقوام متحدہ سمیت بھارت و پاکستان نے تسلیم کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 جولائی 1931 سے اب تک جس قدر قربانیاں دی گئی ہیں وہ بھارت سے آزادی کی خاطر حق خود ارادیت کے حصول کیلئے تھیں جو آج بھی جاری ہیں، تحریک آزادی کشمیر، کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت ایک نئے موڑ میں داخل ہو چکی ہے، کشمیری عوام کے عزائم کے سامنے بھارت جھکنے پر مجبور ہو چکا ہے اور قابض فوج کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر نے عالمی رائے عامہ کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے اور دنیا اس مسئلہ کے حل میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔
علاوہ ازیں جنرل سیکرٹری کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شیخ عبدالمتین نے بھی اس موقعے پر کہا کہ 13 جولائی 1931 کشمیر کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس دن 22 کشمیریوں نے آذان مکمل کرتے ہوئے جانیں قربان کی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 جولائی کو کشمیریوں نے ڈوگرہ راج کے خلاف الم بغاوت بلند کیا تھا، کشمیری عوام نے نہ ڈوگرہ راج کو قبول کیا اور نہ ہی اب بھارتی تسلط کو مانے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں 13 جولائی کے شہدا کے مشن کا تسلسل ہیں، مقبوضہ وادی میں آج بھی مذہبی رسومات کی ادائیگی پر پابندی ہے، بھارتی فوج آئے روز کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے، کشمیری آزادی کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News