سابق وزیر خارجہ و پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت غفلت کی نیند سو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے پنجاب ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آج پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جس میں پنجاب کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں معیشت اور کسانوں کی مشکلات کے حوالے سے مشاورت ہوئی، مہنگائی کے طوفان کے خلاف تحریک انصاف آواز اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج کیا جائے گا عوام کی آواز میں آواز بلائی جائے گی، ریجنل صدور سے الگ الگ ملاقاتیں عمران خان نے کیں، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صاف شفاف انتخابات ہیں، حکومت اس وقت صرف الیکشن سے بھاگ رہی ہے اس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لوگ سندھ میں خاص طور پر متاثر ہوئے، سندھ حکومت نے ریلیف کے کاموں میں غفلت برتی، مفاد پرست ٹولے نے اپنی زمینیں بچا کر غریب عوام کی آبادی کے بند پر شگاف ڈالے۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے، سندھ نے اپنی علیحدہ قیمت کا اعلان کر دیا ہے، آٹے کے معاملے پر حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے، ملک میں فوڈ انسیکیورٹی پیدا ہو رہی ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ اگر الیکشنز میں بے جا تاخیر کی گئی تو عوام کی طاقت سے رجوع کریں گے، الیکشن اس ملک کی ضرورت بن گئے ہیں، صنعت کار اور انویسٹرز یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں معاشی عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے، عمران خان نے کال کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے، کرپشن کیسز ختم کر کے این آر او 2 حاصل کرنا اس حکومت کا مقصد تھا جس میں وہ کامیاب ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے نام کرپشن کیسز سے بری ہو گئے، وزرا اعظم نیب کے نئے قوانین سے مستفید ہو گئے ہیں، مزید قوم کو آزمائش میں نہ ڈالیں، پارلیمنٹ کو ایکسٹینشن دینے کی صرف خواہش ہے اس پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News