
پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 6 واں اجلاس ہوا جس میں شہداء اے پی ایس پشاور کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ نے لاہور کے لئے پہلی مرتبہ مکمل انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی اصولی منظوری دے دی۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف کی طرح لاہور کا بیڑا غرق نہیں کرنا چاہتے، انڈرگراؤنڈ ٹرین سسٹم لائیں گے۔
انڈر گراؤنڈ بلیو لائن اور پرپل لائن، ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کوسالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ بلیو لائن، پرپل لائن اور ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیا جائے گا اور یہ منصوبہ بی او ٹی پر بنے گا، پنجاب حکومت کا کوئی پیسہ نہیں لگے گا۔
یہ بھی پڑھیں؛ معاشرے کی ترقی کے لئے معاشی و سماجی انصاف ضروری ہے، چودھری پرویز الٰہی
اس موقع پر کابینہ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ٹیکنیکل معاونت اور فنانسنگ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کیساتھ بات چیت کی اجازت دے دی اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ویلنشیا سے کلمہ چوک، لبرٹی چوک، داتا دربار، ایئر پور ٹ تک انڈر گراؤنڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم ہوگا جبکہ اورنج لائن کے 8 بڑے سٹیشن بھی ڈویلپ کئے جائیں گے۔
پنجاب کابینہ نے محکمہ صحت میں 5 سے 15 سکیل تک بھرتی کی منظوری دے دی جبکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور لاہور میں بھی کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے 600 آسامیوں پر بھرتی کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فیصل آباد میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
اس موقع پر چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو اراضی کے مالکانہ حقوق کے یونٹ کے ریٹس میں 50 فیصد کمی کی منظوری دی گئی جبکہ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے چولستان کے بے زمین کاشتکاروں اور زراعت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں؛ دریائے چناب پر دو بڑے ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، چودھری پرویز الٰہی
سفارتکاروں اورقونصلیٹ کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس استثنیٰ کی منظوری دی گئی جبکہ چلڈرن ہسپتال لاہور، فیصل آباد او رگجرات کے ہسپتالوں میں کینسر کے علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے اور کابینہ نے چلڈرن ہسپتال لاہور، فیصل آباد اور گجرات کے ہسپتالو ں میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لئے لینر ایکسلیٹر اور ملتان میں کینسر کا جدید ترین علاج سائبرنائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں کارڈیالوجی کا ہسپتال قائم کریں گے جبکہ فیصل آباد کارڈیالوجی ہسپتال میں بستروں کی تعدادمیں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر پنجاب کابینہ نے نئے ضلع تونسہ میں نئی تحصیل وہوا کے قیام کی منظوری دے دی اور کہا گیا کہ چیچہ وطنی، رجانہ، پیر محل، چوک اعظم لیہ تا تونسہ 207 کلو میٹر سڑک بنے گی، ایم فور چراغاں آباد جھنگ بائی پاس تا شور کوٹ روڈ 103 کلو میٹر سڑک بنے گی جبکہ دیپالپور تا پاکپتن روڈ 75 کلو میٹر طویل سڑک بنائی جائے گی اور دیپالپور، پاکپتن تا وہاڑی 150 کلومیٹر روڈ تعمیر ہوگی۔
اس موقع پر سوشل سکیورٹی سکیم کے تحت ملازمین کی اجرت میں اضافے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ حکام نی بھی شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء راجہ بشارت، ہاشم ڈوگراور ڈاکٹر اختر ملک ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News