
پیپلز پارٹی کی کرپشن نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بول نیوز کے پروگرام ‘بس بہت ہو گیا’ میں جیسمین منظور کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اوپر حملے کی ایف آئی آر تک نہیں کٹوا سکا، اس حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔
ضرور پڑھیں؛ نظامِ انصاف کمزور کا تحفظ کرتا ہے، عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے بہترین نام دیئے جبکہ انہوں نے اپنے فرنٹ مینز کے نام دیئے، نگراں وزیراعلیٰ کا مطلب نیوٹرل امپائر کھڑا ہو، الیکشن کمیشن ایسا شخص لائے گا تو مزید بے نقاب ہو جائے گا۔
سیاسی استحکام صرف الیکشن سے ہی پیدا ہو سکتا ہے
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تاجر سڑکوں پر ہیں، ایل سیز کھولنے کے پیسے نہیں ہیں، اس وقت ہم ڈوب رہے ہیں، سیاسی استحکام صرف الیکشن سے ہی پیدا ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کرتے ہیں، یہ لوگ اگر یہاں بھی سرمایہ کاری کریں تو کسی کی امداد کی ضرورت نہیں، مافیا پیسے چوری کر کے باہر بھیجتا ہے، ملک کیسے آگے بڑھ سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن سے انتشار بڑھتا ہے، پنجاب میں ہمارے لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں، انہوں نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا، شفاف الیکشن کا راستہ نہیں اپنائیں گے تو بحران بڑھ جائے گا۔
انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چوروں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی، دشمن بھی ایسا نہیں کرتا، تباہی کو روکنے کیلئے شفاف الیکشن ہونے ضروری ہیں، میری وجہ سے یہ ملک کو تباہی کی طرف لیکر جا رہے ہیں، ہم سری لنکا جیسے حالات سے صرف ایک ماہ دور ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے ہی پتا تھا مجھ پر حملہ ہو سکتا ہے، اپنےاوپر حملے کی میں ایف آئی آر تک نہیں کٹوا سکا، یہاں انصاف تو بالکل ختم ہو چکا ہے، جب تک نظام ٹھیک نہیں ہو گا معیشت ٹھیک نہیں ہو گی۔
حکومت اور ہینڈلرز نے ملکر توشہ خانہ کو بہت بڑا ایشو بنا دیا
جیسمین منظور سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کے ذریعے کرپشن کیسز ختم کئے گئے، نیب قانون میں ترمیم کر کے انہوں نے اپنے کیسز معاف کروائے، چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، میں نے اپنی گھڑی بیچی ہے، حکومت اور ہینڈلرز نے ملکر توشہ خانہ کو بہت بڑا ایشو بنا دیا، انہوں نے مہنگی مہنگی گاڑیاں توشہ خانہ سے چوری کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے جب ریکارڈ مانگا تو کہا کہ یہ سیکریٹ ہے، توشہ خانہ میں ہے ہی کچھ نہیں مطلب کھودا پہاڑ نکلا چوہا، اربوں کے کرپشن کیسز والے اسمبلی میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی حالات اتنے بدترین نہیں تھے جتنے آج ہیں، الیکشن کمیشن نے 7 سے 8 بار ہمارے خلاف غلط فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن کو نیوٹرل ہونا چاہیے تھا، پنجاب میں دھاندلی کے باوجود یہ ضمنی الیکشن ہارے، الیکشن میں دھاندلی کی گئی،الیکشن کمیشن صرف سو رہا ہے۔
مکمل ٹھیک ہونے کے بعد سندھ آؤں گا
عمران خان نے کہا کہ سندھ میں کرپشن عروج پر ہے، سندھ میں سب سے زیادہ ظلم ہو رہا ہے، سندھ کےعوام کو بےشرمی سے لوٹا جا رہا ہے، مکمل ٹھیک ہونے کے بعد سندھ آؤں گا، پیپلز پارٹی کی کرپشن نے کراچی کو کھنڈر بنا دیا ہے، یہ لوگ کیسے پیپلز پارٹی کو منتخب کر سکتے ہیں؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی کے لوگ سب سے زیادہ شعور والے ہیں، کراچی میں الیکشن تو ہوا ہی نہیں، اس طرح کے الیکشن کروانے سے بہتر الیکشن مت کروائیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News