
تحریک انصاف کا کراچی اور حیدرآباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دینے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بلدیاتی الیکشن میں کراچی اور حیدر آباد کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قراردینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہونگے، ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں دھاندلی کی جائے گی، پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی بھرپور کوشش کریگی، کیونکہ پیپلزپارٹی کو معلوم ہے یہ بلدیاتی انتخابات ہار جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کسی صورت نہیں ہونے دینگے
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہنگامہ آرائی کر کے حالات خراب کیے جائیں گے، کراچی اور حیدر آباد کا ہر پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیا جائے اور پولنگ اسٹیشنز پر پیرا ملٹری فورسز تعینات کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کا حال لاڑکانہ جیسا نہیں ہونے دیں گے، علی زیدی
علی زیدی نے کہا کہ کراچی کے حالات دوبارہ خراب ہونے جارہے ہیں، دھاندلی کیلئے پولیس کو استعمال کیا جائے گا، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کسی صورت نہیں ہونے دینگے، کسی کی حمایت نہیں، صاف اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔
ممبر شپ حاصل کرنے والوں کا کہنا تھا عمران خان کو وزیراعظم بنائیں گے
انکا کہنا ہے کہ کراچی میں 26 مقامات پر 3روزہ ممبر شپ کیمپس لگائے، ممبر شپ کے ساتھ 50 روپے فیس بھی لی جارہی تھی، مہنگائی کے باوجود لوگوں نے فیس دے کر ممبرشپ حاصل کی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ممبر شپ حاصل کرنے والوں کا کہنا تھا عمران خان کو وزیراعظم بنائیں گے، لانڈھی، کورنگی و دیگر مقامات پر لوگوں کا جم غفیر تھا۔
کراچی کے حالات کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی دفن ہوگئی، اب زرداری مافیا کا راج ہے، کراچی کے حالات کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہر گاؤں کا منظر پیش کررہے ہیں تو عمران خان کا کیا قصور ہے، کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہے تو عمران خان کا کیا قصور ہے، سندھ میں صحافیوں کے قتل کے ذمہ دار عمران خان ہیں؟ سندھ حکومت ہر چیز کا الزام عمران خان پر لگا دیتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News