
فواد چوہدری کی گرفتاری پر فیصل فرید کا چیف جسٹس کو خط
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری پر انکے بھائی ایڈووکیٹ فیصل فرید چوہدری کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا گیا ہے۔
فیصل فرید نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک اور وکیل فواد چوہدری کیلئے انصاف کے حصول کا معاملہ درپیش ہے۔ فواد چوہدری کو 25 جنوری علی الصبح لاہور سے انکی رہائشگاہ سے اٹھایا گیا، قانون سے صریح انحراف کرتے ہوئے فواد چوہدری کو دہشتگردوں کی طرح اٹھایا گیا۔
فواد چوہدری کی گرفتاری پر فیصل فرید کا چیف جسٹس کو خط #FawadChaudhry #BOLNews pic.twitter.com/t2NfioMJHK
— BOL Network (@BOLNETWORK) January 29, 2023
خط میں کہا گیا کہ اس معاملے کو لاہور ہائی کورٹ میں اٹھایا گیا مگر پوری دنیا نے ہائی کورٹ کے احکامات کا مذاق اُڑتے دیکھا۔
فیصل فرید ایڈووکیٹ نے کہا کہ فواد چوہدری سے نہایت غیرمناسب سلوک پر ملک کی بڑی بار کونسلز نے صدائے مذمت بلند کیں، طاقتور عناصر پر ان مذمتی صداؤں کا کوئی اثر نہیں ہوا اور فواد کو لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پیر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم
خط میں بتایا گیا کہ جیل بھجوائے جانے کے بعد پھر سے جسمانی ریمانڈ پر فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا، ان کی جسمانی حوالگی کے بعد ان پر کسٹوڈیل ٹارچر کے خدشات نے سر اٹھایا ہے۔
فیصل فرید نے مزید کہا کہ لاقانونیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پھیل رہی ہے، آپ سے فوری مداخلت اور دستور و قانون کے مؤثر نفاذ کی استدعا ہے۔
فیصل فرید کی جانب سے خط کو بطور درخواست قبول کرنے اور قانون کی بالادستی کیلئے فوری و مؤثر اقدامات کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کا چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط
گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیا جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام خط لکھا گیا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام لکھے گئے خط میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں دوران حراست سینیٹر اعظم سواتی اور ڈکٹر شہباز گل سے پیش آنے والے پرتشدد اور غیرانسانی سلوک کا حوالہ بھی دیا۔
خط میں عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے آئین کے کسٹوڈین کے طور پر زیر حراست افراد کی عزت اور وقار کے تحفظ کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری پر ہونے والے ظلم پر عدلیہ کو کردار ادا کرنا ہو گا، عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد پر تشدد یا عزت و وقار کے خلاف اقدامات آئین کے آرٹیکل 9 , 10A اور 14 کی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پیر کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News