
عمران خان کو توشہ خانہ کے تحائف کا حساب دینا ہوگا، عطا تارڑ
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کے تحائف اور بیٹی کا حساب دینا ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد خان بھٹی کی گرفتاری کا واویلا کررہے ہیں، یہ گرفتار نہیں ہوئے، ان کو ان لوگوں نے روپوش کرایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیس سے بچنے کیلئے محمد خان بھٹی کی گرفتاری کا ڈراما کیا گیا۔ 60 سے 70ارب روپے کا گھپلا کیا گیا، عمران خان آئیں بائیں شائیں کرنے کے بجائے عدالت میں پیش ہوں۔
عمران خان کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو پاکستان لائیں
عطا تارڑ نے کہا کہ فرح گوگی کے ریڈوارنٹس کیلئے خط لکھا ہے، فرح گوگی کو پاکستان آکر کیسز کا سامنا کرنا چاہیے، عمران خان کا دامن صاف ہے تو فرح گوگی کو پاکستان لائیں، انکو پاکستان لائے تو وہ فرفر بولے گی، انہوں نے بات کی تو عمران خان کیلئے مسئلہ بن جائے گا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان تاریخ پر تاریخ کے بجائےعدالتوں میں پیش ہوں، فارن فنڈنگ کیس6 سال، نواز شریف کا فیصلہ 126 دن میں ہوجاتا ہے، عدلیہ کو غیرجانبداری کا ثبوت دینا ہوگا۔
عمران خان جھوٹ بول کر قوم کو بےوقوف نہ بنائیں
انکا کہنا ہے کہ عمران خان جھوٹ بول کر قوم کو بےوقوف نہ بنائیں، عمران خان بتائیں توشہ خانہ میں کتنی چوری ہوئی، فرح گوگی کو عمران خان، بشریٰ بی بی نے بیرون ملک فرار نہیں کرایا؟
انہوں نے کہا کہ فرح گوگی نے 2018 میں 12نئے اکاؤنٹس بنائے، نئے اکاؤنٹس میں رشوت کا پیسہ جمع ہوتا تھا، عمران خان اور بشریٰ بی بی رشوت کے پیسے میں حصہ دار تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے توشہ خانہ تحائف فروخت کر کے کرپشن کی، عطا تارڑ کا الزام
عطا تارڑ نے کہا کہ عثمان بزدار کو بشریٰ بی بی کے کہنے پر وزیراعلیٰ لگایا گیا، ان کو وزیراعلیٰ بنانے کا مقصد مال کمانا تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تقرر وتبادلے پر کمیشن لیا جاتا تھا، احسن جمیل گجر سے کئی لوگوں کی سفارشات ہم نے کی تھیں، میرے چھوٹے بھائی نے احسن جمیل گجر سے سفارش کی تھی۔
انکا کہنا ہے کہ کیش بوائے انوارالحق نے 754 ٹرانزیکشنز کیں، انہوں نے 86 کروڑ 29لاکھ فرح گوگی کے اکاؤنٹ میں کیش جمع کرائے، 3 سال میں فرح گوگی کے اکاؤنٹ میں 1.6ارب روپے جمع کرائے گئے۔
عمران خان اپنے خلاف مقدمات کو طول دے رہے ہیں
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ جھوٹ اور فراڈ کی انسانی شکل ہے تو وہ عمران خان ہیں، ان کو گرفتاری کا خوف کیوں ہے؟ عمران خان کب تک ٹانگ کا بہانہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے خلاف مقدمات کو طول دے رہے ہیں، توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی جانی تھی، عمران خان خود نہیں آسکتے تھے تو ویڈیو لنک سے بیان دیتے، انکو توشہ خانہ کیس میں جواب جمع کرانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں؛ بس بہت ہوگیا! توشہ خانہ الزامات کیخلاف عمران خان کا عدالت جانے کا اعلان
عطا تارڑ نے کہا کہ وکلاء تحریک میں نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے، یہ کبھی مشکل وقت میں سامنے نہیں آئے، یہ عدلیہ بحالی تحریک میں بھی چھپے رہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان ڈراما کررہے ہیں، یہ زمان پارک میں روپوش ہیں، یہ خواتین کے حصارمیں روپوش ہیں، یہ گرفتاری کے خوف میں مبتلا ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News