
عدلیہ ہی اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، پرویز الہٰی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عدلیہ ہی اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، امید ہے کہ عدلیہ آئین کی بالادستی کے لئے تاریخی فیصلہ دے گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ سے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال، ملکی معاملات اور جیل بھرو تحریک پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر میاں محمود الرشید اور جلیل احمد شرقپوری نے چوہدری پرویز الہیٰ کو تحریک انصاف میں شمولیت پر مبارکباد دی اور پھول پیش کیے۔
دوران ملاقات پرویزالہیٰ نے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کے معاملے کا از خود نوٹس لینے کا خیرمقدم کیا۔
نااہل حکمران ملک کی معیشت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں
چوہدری پرویزالہیٰ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں آئین کے تحفظ کے لئے پارٹی رہنماوں، کارکنوں اورعوام کا جذبہ قابل ستائش ہے، حقیقی آزادی اور پاکستان کی ترقی کیلئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جیل بھرو تحریک کا دوسرا روز، آج پشاور سے ہزاروں کارکنان گرفتاریاں دیں گے
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی ناکام سیاست بچانے اور مخالفین پر دباؤ ڈالنے کی خاطر جعلی اور جھوٹے مقدمے درج کروا رہی ہے، نااہل حکمران ملک کی معیشت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کی کارروائیاں کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی، اب عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا گیا اور وہ بیدار ہو چکی ہے۔
صدر نے الیکشن کی تاریخ دیکر بے مثال کام کیا
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اور نگران حکومت یاد رکھے کہ ان کو پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن 90 دن میں ہی کروانا ہوں گے، صدر عارف علوی نے تاریخ دے کر بے مثال کام کیا ہے۔
چوہدری پرویزالہیٰ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے الیکشن کی تیاریاں شروع کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الہیٰ کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان
دوسری جانب میاں محمود الرشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک آئین کے تحفظ کے لئے ہے، سپریم کورٹ کا از خود نوٹس خوش آئند ہے۔
علاوہ ازیں جلیل شرقپوری نے کہا کہ چوہدری پرویزالہیٰ نے بروقت اور درست فیصلہ کر کے نااہل حکومت کا سکھ چھین لیا ہے، حکمران انکی پی ٹی آئی میں شمولیت سے خوفزدہ ہیں۔
واضح رہے کہ سابق ایم پی اے جلیل احمد شرقپوری، احمد نواز، سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی صاحبزادہ عثمان خان عباسی، صاحبزادہ محمد گزین خان عباسی، یعقوب شیخ، چوہدری اورنگزیب بھی ملاقات میں شامل تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News