
عمران خان کی جیل بھرو تحریک میں خواتین بھی حصہ دار، گرفتاریاں دینے کا حلف اٹھالیا
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جیل بھرو تحریک میں خواتین بھی حصہ دار بن گئیں ہیں جس کے تحت گرفتاریاں دینے کا حلف اٹھالیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی کی خواتین کی ملاقات ہوئی جس دوران جیل بھرو تحریک کا حصہ بننے اور رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دینے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آگیا
بعدازاں جیل بھرو تحریک میں صفِ اوّل میں کردار ادا کرنے اور ملک بھر سے گرفتاریاں دینے کا حلف اٹھایا اور کہا کہ قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں حقیقی آزادی کی تحریک میں اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کے اسلام آباد لانگ مارچ میں خواتین نے بدترین ریاستی جبر کا پوری ہمت سے سامنا کیا تھا اور ہمیشہ کیطرح جیل بھرو تحریک میں بھی صف اوّل میں کردار ادا کرنا چاہیں گی۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کیجانب سے خواتین کارکنان کے جوش و جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا گیا اور کہا کہ پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خواتین کارکنان نے سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر نہایت مؤثر کردار ادا کیا ہے جبکہ قومی سطح پر ذہن سازی اور سیاسی مکالمے میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے تاہم خواتین کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام گھر گھر لیکر جائیں اور قوم کو قانون کی بالادستی کیلئے تیار کریں۔
واضح رہے کہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں پارٹی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار گرفتاریاں نہیں دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جیل بھرو تحریک کا اعلان
ذرائع نے بتایا تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ امیدوار اپنی انتخابی مہم پر توجہ دیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں کو فیصلے سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، بروقت ضرورت جیل بھرو تحریک میں مرکزی اور صوبائی رہنماؤں سمیت کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News