
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 6 افراد جاں بحق اور 15 شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز گلگت میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں پر مشتمل مسافر کوسٹر تیز رفتاری کے باعث موڑ کاڑتے ہوئے بے قابو ہوگئی اور گہری کھائی میں جاگری۔
افسوسناک حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ حادثے میں 15 افراد شدید زخمی بھی ہوئے تاہم مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی اطلاع پر گلگت سے 5 ایمبولینسز جائے حادثہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور مسافر کوسٹر میں سوار افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے حکم پر پرویژنل اسپتال گلگت اور شہید سیف الرحمن اسپتال گلگت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر چلاس صداقت علی نے بتایا کہ زخمیوں کو جگلوٹ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ریسکیو 1122 دیامر اور ریسکیو 1122 گلگت کی ایمبولینسوں کے ذریعے گلگت پہنچا دیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کو بھی گلگت کی طرف ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا اظہار افسوس
وزیر اعظم شہباز شریف نے دیامر میں شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت دی۔
وزیر اعظم نے متعلقہ وفاقی محکموں کو امدادی کاموں میں معاونت کی ہدایت دی اور کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کرانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News