نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم کاکڑ کو آزاد جموں و کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے اس موقع پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وزیراعظم کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کاکڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں ہو گی بلکہ اور مضبوط ہو گی۔
خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آزاد جموں و کشمیر کے 2 روزہ دورے پر مظفر آباد پہنچ چکے ہیں۔
مظفرآباد پہنچنے پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پہنچنے پر آزاد جموں و کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مظفر آباد میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
بعدازاں نگران وزیراعظم نے شہداء گیلری کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں تحریک آزادی کشمیر کے رہنماؤں کی زندگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News