
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
ایران کے صدر ڈاکٹر محمد ابراہیم رئیسی اور خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الھدی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کا طیارہ 9 بج کر 45 منٹ پر نور خان ایئربیس پر لینڈ ہوا، وفاقی وزیر ریاض ہیرزادہ نور خان نے ایئربیس پر ایرانی صدر اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نور خان ایئربیس سے ایرانی صدر اور ان کا وفد سرینا ہوٹل پہنچے گا، ایرانی صدر کے باضابطہ استقبال کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کریں گے اور مہمان صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جبکہ ایرانی صدر کے وفد میں خارجہ و داخلہ امور سمیت اہم ترین وزرا بھی شامل ہوں گے۔
پاک ایران قیادت کی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے ایجنڈے میں پاک ایران گیس پائپ، دوطرفہ تجارت کے فروغ و سرحدی امور کے ساتھ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال شامل ہے۔
اس کے علاوہ پاک ایران گیس پائپ لائن سے متعلق ٹیکنیکل مذاکرات بھی دورے کے ایجنڈے کا حصہ ہیں، مسئلہ فلسطین و غزہ کی صورت حال، مسئلہ کشمیر،عالم اسلام سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ایوان صدر میں ہو گی جبکہ ایرانی صدر کی چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر بھی دستخط متوقع ہیں، ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الھدی کی اسلام آباد میں معروف و بااثر پاکستانی خواتین و دانشوروں سے بھی ملاقات ہو گی، خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الھدی اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز اور قائد اعظم یونیورسٹی کا دورہ کریں گی۔
علاوہ ازیں ایرانی صدر کل اسلام آباد سے لاہور جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ایرانی صدر اور ان کے وفد کا استقبال کریں گی، گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایرانی صدر لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دیں گے اور بادشاہی مسجد میں نماز ادا کریں گے، ایران کے صدر کے دورے کا اختتام کراچی میں ہو گا، ایرانی صدر لاہور سے کراچی جائیں گے جہاں گورنر و وزیراعلیٰ سندھ ان کا استقبال کریں گے۔
ایرانی صدر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دیں گے، کراچی میں پاک ایران سرمایہ کاری کانفرنس کا افتتاح صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایرانی صدر دورہ پاکستان کے اختتام پر کراچی سے ون واپس روانہ ہوں گے، لاہور اور کراچی میں ایرانی صدر کا شاندار و پرتپاک استقبال پاک ایران عوامی تعلقات کا مظہر ہو گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News