
اسرائیلی میڈیا کی جانبداری عمران خان کے اسرائیل ایجنڈے کی عکاس ہے، بیرسٹر عقیل ملک
اسلام آباد: مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا اسرائیل کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی مسلسل حمایت پر اہم بیان سامنے آگیا۔
مشیر قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ اسرائیلی میڈیا مسلسل بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کی حمایت کررہا ہے، ٹائمز آف اسرائیل اور یروشلم پوسٹ کی جانبداری عمران خان کے اسرائیل ایجنڈے کی عکاس ہے۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایماء پر اسرائیلی میڈیا حکومت و فوج مخالف بیانیے کو نمایاں کرکے پیش کررہا ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک اور اعزاز یہ بھی ہے کہ وہ اسرائیل سے تعلقات کے لیے موزوں ترین شخصیت ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا یہ ایجنڈا پاکستان کی روایتی فلسطین پالیسی کے برخلاف اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی کوشش ہے۔
مشیر قانون و انصاف کہتے ہیں کہ اسرائیلی میڈیا کی یہ حمایت مولانا فضل الرحمان اور حکیم محمد سعید کی عمران خان سے متعلق کی گئی پیشن گوئیوں کو درست ثابت کرتی ہے، جنہوں نے برسوں قبل عمران خان کو اسرائیلی ایجنٹ قراردیا تھا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ یہ صورتحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عمران خان کا بیانیہ اور اقدامات اسرائیلی ایجنڈے کے فروغ کا حصہ ہیں جو نہ صرف پاکستان کی داخلی سیاست میں مداخلت بلکہ قومی مفادات کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News