
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور26 ویں آئینی ترامیم سے متعلق گفتگو کی۔
ملاقات میں بلاول بھٹو نے 26 ویں آئینی ترامیم کی منظوری تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترامیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتاہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ ، رانا ثناء اللہ اور سردار ایاز صادق موجود تھے۔
بلاول بھٹو اور شہباز شریف کے درمیان ہونے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی جس میں چھبیس ویں آئینی ترامیم میں خامیاں دور کرنے کے لئے ستایسویں ترمیم لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں شخصیات کے درمیان نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، اور نئے چیف جسٹس کی طرف سے سنیارٹی لسٹ اپ ڈیٹ کرنے اور فل کورٹ اجلاس بلانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اگلے آئینی اقدامات کے لیے مولانا فضل الرحمان کو پیشگی آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اور بلاول بھٹو نے ملاقات میں ترامیم کے لئے دوبارہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنے پر مشاورت کی۔
علاوہ ازیں دونوں پارٹیوں کے آئینی و قانونی ماہرین ستائیس ویں ترامیم کے لیے کل سے اسلام آباد میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے بھی رابطہ کریں گے، ستائیسویں ترامیم کے لیے پارلیمنٹ کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مختصر وقفے کے بعد کل سے دوبارہ اسلام آباد میں سیاسی جوڑ توڑ شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News