اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں شرپسندی؛ مزید افغانیوں کے اعترافی بیانات سامنے آگئے
اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں شر پسندی کرنے والے مزید افغانیوں کے ہوشربا اعترافی بیانات منظر عام پر آگئے۔
پر امن احتجاج کا لبادہ اوڑھے شرپسند بلوائیوں نے ریاست کیخلاف تمام حدود پار کر دیں، انتشار اور فساد پھیلانے والے متعدد شرپسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان شرپسند عناصر کا کہنا تھا کہ جس کی وجہ سے ہم یہاں ہیں وہ خود اے سی میں بیٹھا ہے اور ہمارا یہاں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، آئندہ ہم کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
گرفتار افغان شرپسند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارے نوجوان طبقے کو تباہ و برباد کر دیا اور ہمارا روزگار بھی تباہ کر دیا ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی تیسری بار حکومت ہے مگر ہمارے اسپتال اور انفرااسٹرکچر کا کوئی حال نہیں، سب تباہ و برباد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں پی ٹی آئی نے ترقیاتی منصوبوں پر کام نہیں کیا، بس صرف چلو چلو اسلام آباد چلو، لاہور چلو، اور خان کو رہا کرو کا نعرہ لگائے رکھتے ہیں، جب بانی پی ٹی آئی ملک کا وزیراعظم تھا تب بھی اس نے کوئی کام نہیں کیا، اس کو اپنی تقریروں پر شرم آنی چاہیے، اس نے عوام کے ساتھ جو بھی وعدے کیے اس میں کوئی بھی کام پورا نہیں کیا۔
گرفتار شرپسند نے مزید کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں اور ہم پولیس اور پاک فوج کا اچھا رویہ ہمیشہ یاد رکھیں گے، پاک فوج اور پولیس ہمارے ہی ادارے ہیں۔
شرپسندی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نام نہاد احتجاج کی آڑ میں کسی بھی شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
