
پاکستان کا امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید جنگی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر اظہار تشویش
اسلام آباد: پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید جنگی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر تشویش اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بھارت کو جدید جنگی ٹیکنالوجی کی فراہمی خطے میں اسٹریٹیجک عدم توازن کا باعث بنے گی۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا، صدر کے دورے میں 24 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف زرداری سے ملاقات بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے پر زور دیا گیا، ترکیہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، ترک صدر نے قبرص کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
شفقت علی نے کہا کہ ترکیہ پاکستان اسٹریٹجک کو آپریشن کونسل کا ساتواں اجلاس ہوا، دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا، پاکستان علاقائی و عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دہشت گردی اور غیر ملکی قبضہ پر موقف تبدیل نہیں ہوا، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News