
اسلام آباد: بچوں سے مشقت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے چائلڈ لیبر کے خلاف قومی عزم کا اعادہ کیا اور متعلقہ اداروں، والدین، سول سوسائٹی اور عالمی برادری کو بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں چائلڈ لیبر کو ایک عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر اس مسئلے کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا، بچوں کو استحصال سے بچانا اور انہیں باوقار ماحول فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
آصف زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور اس ضمن میں مؤثر نظام اور سروسز یونٹ قائم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے لیے نیشنل کمیشن اور چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ جیسے ادارے قائم کیے گئے ہیں، والدین مختصر مدتی مالی فوائد کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں اور میڈیا چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
عالمی منظرنامے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ، فلسطین اور کشمیر جیسے خطوں میں بچوں کی حالت زار پر خصوصی توجہ دے، جہاں تشدد، بھوک اور یتیمی کے باعث بچے مشقت پر مجبور ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا پیغام
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، مشقت سے متاثرہ بچوں سے ان کا بچپن، تعلیم اور خوشیاں چھین لی جاتی ہیں، اس لیے چائلڈ لیبر کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے رجحانات اور اعداد و شمار پر مبنی تازہ رپورٹ 2025 میں نمایاں چیلنجز اجاگر کریں، تاکہ پالیسی سازی بہتر بنائی جا سکے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا رواں سال چائلڈ لیبر سروے کروانے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان ILO کے کنونشن 138 اور 182 پر عملدرآمد کا پابند ہے اور آئین کا آرٹیکل 11 چائلڈ لیبر کی ہر شکل کی ممانعت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے چائلڈ لیبر کے انسداد کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے روزگار اطفال ایکٹ 1991، گھریلو ملازمین سے متعلق قانون 2002، تحفظ اطفال ایکٹ 2018 اور نیشنل کمیشن برائے حقوقِ اطفال 2017 جیسے قوانین نافذ کیے ہیں جبکہ جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018 پر بھی عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا دانش اسکول سسٹم مستحق بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے اور سرکاری اسکولوں میں غذائیت سے متعلق پروگرام بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت، نجی شعبہ، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی ایک بار پھر تجدید کرتے ہوئے اس قومی مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News