لاہور: پنجاب کا مالی سال 2025-26 کا سالانہ بجٹ آج دوپہر 2 بجے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
بجٹ اجلاس کی صدارت اسپیکر ملک محمد احمد خان کریں گے جبکہ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ دستاویزات ایوان کے سامنے رکھیں گے، تاہم اس سے قبل بجٹ کی منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 5300 ارب روپے سے زائد ہوگا، نان ترقیاتی اخراجات کے لیے 4060 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے جبکہ 1240 ارب روپے ترقیاتی پروگرامز کے لیے رکھے جائیں گے۔
حکومت پنجاب نے بجٹ میں 3132 ترقیاتی اسکیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان میں جاری منصوبوں کے لیے 535.98 ارب روپے اور نئی اسکیموں کے لیے 470.62 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بجٹ میں کچھ اہم اقدامات بھی شامل کیے جا رہے ہیں جن میں پنجاب ایئرلائن کے قیام کے لیے 1 ارب روپے کی منظوری، اور الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا اعلان شامل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “خود مختار پروگرام” کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد عوامی فلاح و بہبود اور خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔
وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی وژن کا عکاس ہوگا اور اس میں کوئی نیا ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا، صرف موجودہ ٹیکس نظام کی مؤثر وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم صرف بجٹ نہیں بلکہ ایک مشن پیش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
