
اسلام آباد: پاکستان آرمی نے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر فضائی ریسکیو آپریشنز کا آغاز کردیا ہے۔
آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے دشوار گزار علاقوں میں امدادی سرگرمیاں انجام دیں جن کے نتیجے میں درجنوں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
آرمی ایوی ایشن کا بروقت اور مؤثر ردعمل
پاک فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے راجن، چکوال، خانپور، چک مونجو، ڈھوک بھدر اور داراپور جیسے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فضائی امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
ان کارروائیوں کے دوران چکری راجن سے 3 افراد کو ریسکیو کیا گیا، چکوال اور خانپور سے 27 افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا گیا جب کہ چک مونجو میں 10 افراد کو بچایا گیا۔
علاوہ ازیں ڈھوک بھدر میں کامیاب آپریشن کے ذریعے 31 متاثرین کو نکالا گیا اور داراپور میں 38 افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا۔
متاثرین کو فوری امداد اور لائف جیکٹس کی فراہمی
پاک فوج نے نہ صرف ریسکیو آپریشنز کیے بلکہ متاثرین کو فوری طبی امداد، لائف جیکٹس اور بنیادی ضروریات بھی فراہم کی گئیں۔ فوجی جوانوں نے زمینی اور فضائی دونوں ذرائع سے متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کی اور مقامی افراد کی مدد کی۔
مقامی انتظامیہ سے بھرپور تعاون
ان امدادی کارروائیوں میں مقامی انتظامیہ بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ادارے مل کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔
پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اس مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News