
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ انسداد دہشتگردی کی مشترکہ کوششوں کیلئے تیار ہیں، بھارتی قیادت خطے کے امن کیلئے مذاکرات کی میز پر آئے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے ’’دنیا کیلئے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ‘‘ کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان نے اس کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف دہشت گردوں کے خلاف پرعزم ہے بلکہ دنیا کے امن کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان کی ڈکشنری میں سرنڈر کا لفظ نہیں، ہم کبھی دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
بلاول بھٹو نے آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے القاعدہ، داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی کمر توڑ دی، پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری انسدادِ دہشت گردی کی اس جنگ میں ہمارا ساتھ دے۔
چیئرمین پی پی پی نے افغانستان کی عبوری حکومت کو یاد دہانی کروائی کہ وہ دوحہ معاہدے کی پاسداری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، ڈیورنڈ لائن کے پار موجود دہشت گرد گروہوں کو پناہ دینا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششوں کے لئے تیار ہے، بھارت ہمارے ساتھ بیٹھے، بات کرے اور ہمارے ساتھ مل کر کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل پروپیگنڈا جیسے نئے چیلنجز سے بھی نمٹ رہا ہے اور نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے شدت پسندی سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آخر میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہمیں دہشت گردی کو ہر صورت شکست دینی ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News