پرامید ہیں کہ ورلڈکپ جیت کر آئیں گے، کپتان انڈر 19 کرکٹ ٹیم

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےکپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ ورلڈکپ جیت کر واپس آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےکپتان روحیل نذیر کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا سابق کپتان سرفراز احمد اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ہماری ٹیم دیکھی ہے اور ہمیں خصوصی ٹپس بھی دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے ایک ماہ کے کیمپ میں بہت زیادہ محنت کی ہے اور ہیڈکوچ اعجاز احمد نے ہمیں پاور ہٹنگ کی ٹپس بھی دی ہیں۔
روحیل نذیر کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کے ساتھ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھی گئے تھے،وہ ہمیشہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے چند کھلاڑی جنوبی افریقاکی کنڈیشنز سے واقف ہیں جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔جنوبی افریقا جاکر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
کپتان قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہر شعبے میں اچھا کومبی نیشن موجود ہے۔جو بھی نئے کھلاڑی ٹیم میں آئے ہیں ان کی کارکردگی اچھی ہے۔
روحیل نذیر نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔دنیا کے بہترین کھلاڑی انڈر 19 کرکٹ کھیل کر ہی ٹیم میں آتے ہیں۔
واضح رہے کہ 13واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقامیں کھیلا جائےگا جس میں ٹائٹل کے حصول کے لیے16 ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔
ٹورنامنٹ راؤنڈ روبن کی بنیاد پہ کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیموں کو چار چار کے گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 22 جنوری کو زمبابوے جبکہ تیسرا میچ 24 جنوری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News