پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 5) کے بیسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے بارش سے متاثرہ میچ میں 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک طرف پشاور زلمی کے کامران اکمل نے جارحانہ آغاز کیا تو دوسری جانب 44 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 9 گیندوں پر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
تاہم کامران اکمل سمیت دیگر بلے بازوں نے رن ریٹ کو کم نہیں ہونے دیا۔کامران اکمل 21 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
Hard luck for @IsbUnited but a huge win for @PeshawarZalmi who take this on D/L method! #PZvIU #HBLPSLV pic.twitter.com/egBvZxK1q2
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 7, 2020
بارش کے باعث کھیل رکنے تک پشاور زلمی نے 9 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنائے تھے اور ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت وہ 7 رنز آگے تھے۔ٹام بینٹن 16 گیندوں پر 20 اور حیدر علی 8 گیندوں پر 16 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔
میچ آفیشلز کی جانب سے مقرر کردہ وقت تک بارش نہ رکنے کے سبب پشاور زلمی کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان کی جارحانہ بلے بازی کے سبب پشاور زلمی کو جیت کے لیے 196 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
پی ایس ایل 5: اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دے دی
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی تو ابتداء میں فیصلہ درست لگا تھا جب پہلے ہی اوور میں لیوک رونکی 6 رنز بناکر چلتے بنے تھے اور پھر41 کے مجموعی اسکور پر رضوان حسین بھی 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
تاہم اس کے بعد کولن منرو، کپتان شاداب خان اور کولن انگرام نے پشاور زلمی کی ناقص فیلڈنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بالرز کی خوب جم کر دھلائی کی تھی۔
کولن منرو 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر کارلوس براتھویٹ کا شکار بنے تھے۔کولن انگرام نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز بنائے تھے۔
کپتان شاداب خان نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔وہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں اب تک سب سے زیادہ (15)چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
آصف علی اور فہیم اشرف 3،3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور اسلام آباد نے نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2 جبکہ راحت علی ، وہاب ریاض اور کارلوس براتھویٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے پشاور زلمی کے فیلڈرز نے پانچ کیچز بھی ڈراپ کیے تھے۔
شاداب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
