
آسٹریلیا اور کینیڈا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب ٹوکیو اولمپکس سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے کینیڈا اور آسٹریلیا نے ٹوکیو اولمپکس میں اپنی ٹیمیں بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔
آسٹریلین اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑی گیمز کے لیے تیاری نہیں کر سکتے ،ایتھلیٹس اگلے برس کے لیے اولمپکس کی تیاریاں کر سکتے ہیں ۔
کینیڈین اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی کرنے کی آپشن پر بھی غور کررہے ہیں ، حتمی فیصلہ آئندہ 4 ہفتوں میں ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء کا درجہ حاصل کرچکا ہے اور اس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 180 سے تجاوز کرگئی ہے اور اٹلی، اسپین، فرانس ، ایران، امریکہ اور پاکستان سمیت کئی ممالک اس وقت مکمل اور جزوی لاک ڈاؤن میں ہیں۔
ایسی صورتحال میں دنیا بھر میں ہونے والے کھیلوں کے بڑے ایونٹس سمیت تمام چھوٹی سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب یورو کپ 2020، پاکستان سپر لیگ، انڈین پریمئر لیگ، انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، نیوزی لینڈ بمقابلہ آسٹریلیا، پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ بمقابلہ بھارت کی دو طرفہ کرکٹ سیریز سمیت کئی ایونٹس منسوخ کردیے گئے۔
انگلینڈ میں 28 مئی تک کسی بھی قسم کی پروفیشنل کرکٹ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس سے ساڑھے 14 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ تقریباً ساڑھے پانچ ہزاراموات اٹلی میں ہوئی ہیں جو کہ چین سے بھی زیادہ ہے جہاں سے یہ وبا ءشروع ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News