
چھ سال بعد سرفراز نواز کی پینشن بحال
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چھ سال بعد سابق کرکٹر سرفراز نواز کی پینشن کو بحال کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کی پینشن کئی برسوں کے وقفے کے بعد بحال کردی ہے۔
بورڈ کی جانب سے منگل کو ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سرفراز نواز کے جنوری 2017 سے غیر ادا شدہ ادائیگیوں کے بقایا جات کے معاملے پر ان سے ملاقات کی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سابق کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی میں ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ذکا اشرف نے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ادائیگیوں کے تصفیہ کے لیے ایک چیک ان کے حوالے کیا اور سرفراز نواز کو غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ سابقہ انتظامیہ کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرفراز نواز کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے نتیجے میں سابقہ گریشیا کی ادائیگیاں بند کردی گئی تھیں۔
سرفراز نواز نے پی سی بی کو ضابطہ اخلاق کی تعمیل کی یقین دہانی کرائی ہے اور پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت انہیں ایکس گریشیا کی ادائیگیاں اب دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔
اس موقع پر ذکا اشرف نے کہا کہ میں ایک سابق ٹیسٹ کرکٹر کو ایسی حالت میں دیکھ کر اور انہیں جائز پینشن سے محروم دیکھ کر پریشان ہوا ہوں، یہ مایوس کن ہے کہ سابقہ انتظامیہ نے پی سی بی کے خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’کسی بھی کرکٹر کو اس سے گزرنا نہیں چاہیے جس کا سامنا سرفراز نواز کو کرنا پڑا اور میں ہر سابق اور موجودہ کرکٹر سمیت بین الاقوامی یا ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پی سی بی انہیں اپنا اثاثہ سمجھتا ہے اور زندگی کے ہر مرحلے پر ان کا خیال رکھے گا۔ وہ کرکٹ بورڈ کی طرف سے پیار اور عزت کے مستحق ہیں‘‘۔
اس موقع پر سرفراز نواز نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ صحت کو دیکھتے ہوئے ذکاء اشرف نے میری پینشن بحال کردی ہے۔ میں اس قدم کے لیے خاص طور پر مشکور ہوں‘‘۔
یاد رہے کہ سرفراز نواز نے 1969 سے 1984 تک 55 ٹیسٹ اور 45 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
انہوں نے 32.75 کی اوسط سے 177 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں جب کہ ون ڈے میں 23.22 رنز کی اوسط سے 63 وکٹیں حاصل کیں۔ علاوہ ازیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 24.62 کی اوسط سے 1005 وکٹیں ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News