
انڈر19 ایشیا کپ: پاکستان کل سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات کے مدمقابل ہوگا
انڈر19 ایشیا کپ کا سیمی فائنل کل پاکستان انڈر 19 اور متحدہ عرب امارات انڈر 19 ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی شاندار کارکردگی کا سفر اسے سیمی فائنل میں لے آیا ہے، جہاں کل وہ متحدہ عرب امارات انڈر 19 کے مدمقابل ہوگی۔
یہ سیمی فائنل آئی سی سی اکیڈمی اوول 1 گراؤنڈ میں مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیاکپ میں پاکستان کی لگاتار تیسری فتح
ایک ایسے ٹورنامنٹ میں جہاں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں، وہیں پاکستان کے نوجوان کرکٹرز نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان ٹیم نے نیپال، بھارت اور افغانستان کو شکست دی ہے۔
نیپال کے خلاف سات وکٹوں کی جیت میں محمد ذیشان کی چھ وکٹوں اور کپتان سعد بیگ اور اذان اویس کی نصف سنچریوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔
بھارت کے خلاف آٹھ وکٹوں کی جیت میں اذان اویس کی شاندار سنچری، کپتان سعد بیگ اور شاہ زیب کی نصف سنچریاں قابل ذکر رہی تھیں جب کہ افغانستان کے خلاف 83 رنز کی کامیابی میں شامل حسین کے 75 رنز نمایاں تھے۔
سیمی فائنل میں دلچسپ اور سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات انڈر 19 نے بھی اپنے گروپ میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے سری لنکا اور جاپان کو ہراکر بنگلا دیش کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ کا کہنا ہے کہ ہم نے تینوں میچوں میں بہت اچھی پرفارمنس دی ہے تاہم یہ ہماری منزل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری منزل فائنل جیتنا ہے اور ہم ہر لمحہ بہترین پرفارمنس کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کرتے آئے ہیں جب کہ ہم نے ہر میچ کے بعد اپنی غلطیوں کو درست کیا ہے اور آنے والے میچوں کے لیے خود کو تیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر19 نے آخری مرتبہ متحدہ عرب امارات انڈر19 کو 2021 کے انڈر 19 ایشیاکپ میں 21 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں کپتان قاسم اکرم نے میچ وننگ پرفارمنس دیتے ہوئے 50 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News