
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی کانگریس کا غیر معمولی اجلاس 27 فروری 2025 کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے، جس میں بین الاقوامی رکنیت کی بحالی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
پی ایف ایف کے مطابق، پاکستان کی اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز میں شرکت فیفا کی جانب سے تجویز کردہ آئینی ترامیم کی منظوری پر منحصر ہے۔
اجلاس کی صدارت پی ایف ایف کے صدر اور نیشنل کمیٹی (این سی) کے چیئرمین سعود عظیم ہاشمی کریں گے۔
ایجنڈے میں فیفا اور اے ایف سی کی تجویز کردہ آئینی ترامیم کی منظوری شامل ہے، جو پی ایف ایف کی بین الاقوامی رکنیت کی بحالی کا اہم حصہ بنیں گی۔
پی ایف ایف کے حکام کے مطابق، اگر ترامیم منظور ہو جاتی ہیں تو پاکستان اپنا پہلا آوے میچ 25 مارچ کو شام کے خلاف کھیلے گا۔ گروپ ای میں پاکستان کے ساتھ شام، میانمار اور افغانستان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایف ایف کانگریس ممبرز نے فیفا کی تجویز کردہ آئینی ترامیم سے اختلاف کیا تھا، جس کے نتیجے میں عالمی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اب اس غیر معمولی اجلاس میں ان ترامیم کی منظوری پاکستان کی بین الاقوامی فٹبال کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ضروری ہوگی۔
پی ایف ایف حکام نے اس موقع پر کھلاڑیوں، شائقین اور دیگر متعلقہ افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان کی فٹبال کے عالمی منظرنامے میں واپسی کے لیے اس اہم موقع پر حمایت کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News