
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نور زمان کو ورلڈ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ مقابلہ انتہائی دلچسپ تھا اور دیکھنے میں بڑا لطف آیا۔ نور زمان نے اس میچ میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا اور آخرکار فائنل جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نور زمان اور دوسرے نوجوان کھلاڑی اسی لگن کو برقرار رکھتے ہوئے اسکواش کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکواش پاکستان کا تاریخی ورثہ ہے اور نئی نسل میں جوش پیدا کرنا حکومت کا مشن ہے۔
پاکستان اسکواش کا سنہرا دور واپس لانے کے لیے پُرعزم ہے اور ہم اسکواش کی عالمی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان ایئر فورس کی اسکواش کے فروغ میں شاندار معاونت کو بھی سراہا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں بطور نمائندہ صدر مملکت آصف علی زرداری شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسکواش کی تاریخ میں پہلی بار انڈر 23 ورلڈ چیمپئن شپ کا انعقاد پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔ ہم اس ایونٹ کی میزبانی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان پر اعتماد کیا اور اس عالمی ایونٹ کی میزبانی کے لیے منتخب کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اسکواش کے حوالے سے عالمی سطح پر اپنا نام بنانے میں کامیاب ہو چکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک مرتبہ پھر اسکواش کے میدان میں عالمی سطح پر چمکے گا۔
انہوں نے غیر ملکی مہمانوں کی پاکستان آمد اور یہاں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر عالمی کھلاڑی کی آمد ہمارے لیے اعزاز ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا مثبت امیج ابھرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی شاندار میزبانی کی بدولت پاکستان نے عالمی معیار کے ایونٹ کی میزبانی کا بہترین نمونہ پیش کیا۔
انہوں نے چیمپئنز اور تمام کھلاڑیوں کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ پاکستان کے اسکواش کھلاڑیوں کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گی اور ہمیں امید ہے کہ نور زمان جیسے کھلاڑی مزید چمکیں گے۔
اختتامی تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، جبکہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر عدنان اسد نے استقبالی کلمات ادا کیے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News