بیٹی کی سالگرہ پر عدنان صدیقی کا پیار بھرا پیغام

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر ایک پیار بھرا پیغام شیئر کیا جس نے ہر پڑھنے والے کے دل موہ لئے۔
گذشتہ روز عدنان صدیقی کی 12 سالہ بیٹی دانیہ کی سالگرہ تھی اور اس موقع پر انہوں نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ پر بیٹی کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹنے کی ویڈیو بھی شئیر کی۔ویڈیو میں عدنان صدیقی اپنی بیٹی کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور اسی کے ساتھ اس ویڈیو پر انہوں نے بیٹی کے لیے ایک پیار بھرا پیغام بھی لکھا۔
اداکار نے ویڈیو کے کیپشن میں پیار بھرا انداز اپناتے ہوئے بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’ میری چھوٹی بیٹی جو کہ اب 12 برس کی ہوگئی ہے، اور مزید سمجھدار اور پیاری بھی ہوگئی ہے۔‘
عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’ میری پیاری دانیہ جانیہ میں ہر سال تمہاری سالگرہ کے موقع پر ایک نوٹ لکھتا ہوں مگر اس بار یہ نوٹ بہت خاص ہے کیونکہ جس طرح تم وقت کے ساتھ ساتھ بڑی ہورہی ہو تم اتنی ہی نرم دل ہوتی جارہی ہو۔‘
اداکار نے مزید لکھا کہ ’میں یہ سب اس لیے محسوس کر رہا ہوں کیونکہ تمہاری دادی بالکل تمہاری ہی طرح پیار اور خیال کرنے والی تھیں اور میں تمہارے اندر ان کی جھلک دیکھتا ہوں، یہ جذبات کتنے خوبصورت ہوں گے کہ مجھے تم میری ماں کی یاد دلاتی ہو جس طرح وہ مجھ سے پیار کرتی تھیں میرا خیال کرتی تھیں۔‘
عدنان صدیقی نے کہا کہ ’مجھے سب سے اچھا یہ لگتا ہے کہ جب میں گھر آتا ہوں تو تم میرے جوتے اتارنے میں میری مدد کرتی ہو، میں تم پر فخر کرتا ہوں دانیہ، سالگرہ مبارک ہو۔‘
عدنان صدیقی نے بیٹی کی سالگرہ پر ویڈیو کے ساتھ ایک تصویر بھی شئیر کی جس میں ان کی بیٹی نے اپنے بابا کو ان کی سالگرہ کے موقع پر کارڈ اور چند تحائف دیے تھے جس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تصویر اس بات کی مثال ہے کہ میری بیٹی میرا کتنا خیال رکھتی ہے اور اس نے میری سالگرہ پر مجھے سر درد کا مرہم دیا تھا کیونکہ مجھے سر درد رہتا ہے۔
اداکار عدنان صدیقی کے بیٹی کے لیے پیار بھرے پیغام نے سب کے دل موہ لیے اور ان کے فینز نے بھی ان کی صاحبزادی دانیہ کو سالگرہ کی مبارک باد دی اوردونوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News