
کراچی کےمختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے موسم سہانا کردیا، شہرقائد کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور بادلوں نےبھی اپنا ڈیرہ جما لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر، گلشن، گلستان جوہر، کارساز، بہادرآباد، طارق روڈ، صدر، نمائش چورنگی، اورنگی ٹاون، لیاقت آباد، ناظم آباد اور سائٹ ایریا میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں موسم ابرآلود رہے گا اور وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہونے کا سلسلہ برقرار رہےگا۔
شہر قائد میں بادل برسنے کے بعد شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے، ناشتے کی دکانوں پر بھی خریداروں کارش بڑھ گیا۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر شہروں میں بھی مون سون سسٹم آنے کی خوش خبری سنادی،محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جبکہ پنجاب کے چند شہروں میں گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔
کراچی میں ہلکی بوندا باندی کے ساتھ ہی بجلی کی ترسیل نظام درہم برہم ہوگیا۔ نارتھ کراچی, نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گودھرا ، فیڈرل بی ایریا، بلدیہ، شاہ فیصل، لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے صبح سویرے دفاتر اور اسکولوں کی تیاری میں مصروف صارفین کو شدید مشکلات کا سامناہوا۔
محکم موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News