محکمہ موسمیات نے بدھ سے ہفتے کے روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا جبکہ جمعرات، جمعہ اور ہفتے کو لاہور اور راولپنڈی میں پی ایس ایل میچز متاثر ہونےکا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ بدھ کو پاکستان میں داخل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی علاقے بدھ سے ہفتے تک مغربی ہواؤں کی زد میں رہیں گے، بارشوں سے کے پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوگی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی موسلادھار بارش ہوگی، گجرات، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ میانوالی، خوشاب، بھکر، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی اور کوہاٹ میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ، ژوب، زیارت، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور، رحیم یارخان اور سکھر میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے نیز جیکب آباد اور لاڑکانہ ضلع میں بھی بارش ہوگی۔
کراچی سمیت زیریں سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ محکموں کو ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر کرنےکا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
